صدرمملکت کا صنعتی علاقوں کے لیے فنڈز مختص کرنے کی تجویز پر اتفاق کرنا خوش آئند
کراچی( کامرس رپورٹر) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے صدر شیخ عمر ریحان نے کہا ہے کہ صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے صنعت کاروں سے ملاقات میں صنعتکاروں کی جانب سے کراچی پیکج میں صنعتی علاقوں کے لیے فنڈز مختص کرنے کی تجویز پر اتفاق کرنا خوش آئند ہے، جس سے کراچی کے صنعتی علاقوں کی بہتری اور انفرااسٹرکچر کے مسائل کو جلد حل کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ صدر مملکت عارف علوی سے گورنرہاوس میں صنعتی علاقوں کی ایسوسی ایشنز کے صدور اور صنعتکاروں کی ملاقات میں انڈسٹریل ایریا کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا گیا۔ شیخ عمر ریحان کا کہنا تھا کہ صدر مملکت سے ملاقات میں ہر صنعتی علاقے کی ڈیولپمنٹ کمپنی کو کم از کم2 ارب روپے فوری طور پر فراہم کرنے اورصنعتی علاقوں کوبجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دینے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ صدرمملکت نے کراچی پیکیج کے تحت صنعتی علاقوں کے انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے بجٹ مختص کرنے سے قبل پی سی ون جمع کروانے اور صنعتکاروں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ کرنے کی ہدایت بھی کی۔ صدر کاٹی کا کہنا تھا کہ اعلیٰ حکومتی سطح پر جس طرح کراچی کے صنعتی علاقوں کے مسائل دور کرنے کیلیے رابطوں کا آغاز ہوا ہے، امید ہے اس کے نتیجے میں کراچی صنعتی شعبے کے مسائل حل ہوں گے جو کہ ملکی معیشت کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ شیخ عمر ریحان نے کراچی نے صنعت کاروں سے براہ راست رابطوں پر صدر مملکت اور وزیر اعظم پاکستان کا شکریہ بھی اد اکیا۔