ماضی میں بلدیات کو حقیقی اختیارات نہیں دیئے گئے،ڈاکٹر اختر ملک
کلرسیداں(نامہ نگار)صوبائی وزیر انرجی ڈاکٹر اختر ملک نے کہا ہے کہ حکومت نے لوگوں کو اقتدار میں شریک کرنے کیلئے دسمبر میں بلدیاتی انتخابات کا اعلان کردیا ہے مسائل کے حل کے لیئے اختیارات اور اقتدار کو نیچے تک منتقل کرنا ضروری ہے جس کے لیئے نیا بلدیاتی نظام لایا جا رہا ہے نیبر ھڈ اور ویلیجز کونسلز کے انتخابات غیر سیاسی جبکہ تحصیل کونسلز اور شہروں میں میئرز کے انتخابات سیاسی بنیادوں پر ہوں گے تمام لوگوں اور جماعتوں کی انتخابات میں شرکت کو یقینی بنایا جائے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں سابق رکن پنجاب اسمبلی کرنل شبیر احمد کی رہائشگاہ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ملک شہزاد اور چوہدری محمد اکرام بھی موجود تھے ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ حکومت مسائل کے حل کے لیئے کوشاں ہے مگر حقیقی تبدیلی کیلئے بلدیات کا قیام ناگزیر ہے ماضی میں بلدیات کو حقیقی اختیارات نہیں دیئے گئے مگر اس بار ایسا نہیں ہو گا پی ٹی آئی کی حکومت لوگوں کو اپنے بلدیاتی رہنماؤں کے چناؤ کا شفاف انداز میں اختیار دے گی تاکہ صحیح معنوں میں جمہوریت کا پودا پنپ سکے ۔