ماڈل پرائمری سکول جبہ منگھوٹ حالیہ بارشوں کے دوران ندی کا منظر پیش کرتا رہا
سوہاوہ ( نامہ نگار) تحصیل سوہاوہ کے نواحی علاقہ ڈھوک جبہ میں واقع گورنمنٹ ماڈل پرائمری سکول جبہ منگھوٹ کا صحن اس قدر نچلی سطح پر چلا گیا ہے کہ حالیہ بارشوں میں گلی کا پانی سکول کے اندر اس طرح داخل ہو ا کہ کمروں کے اندر تک پہنچ گیا اور سکول کا فرنیچر اور جماعتوں کے کمرے بری طرح متاثر ہوئے ۔ـحتی کے سرکاری کاغذات کی الماریاں بھی پانی کی زد میں آگئیں ۔ سکول انتظامیہ نے مقامی سطح پر قائم سکول کونسل کا اجلاس طلب کیا اور فوری طور پر انتظامیہ محکمہ تعلیم ضلع جہلم کو سکول کونسل اور دیگر معززین علاقہ کی طرف سے ایک تحریری درخواست کے ذریعے حکا م کو متوجہ کرنے کی قلمی کوشش کی نیز ساتھ سکول کونسل گورنمنٹ ماڈل پرائمری سکول جبہ منگھوٹ کی طرف سے صوبائی وزیر تعلیم پنجاب سے مطالبہ کیا گیا کہ مذکورہ سکول کی عمارت کو فوری طور پر جگہ تبدیل کر کے نئے سرے سے تعمیر کرنے کے انتظامات از حد ضروری ہیں بصورت دیگر ایسے موسمی حالات میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کی زندگی ہر وقت خطرے میں ہے ۔ ساتھ شائع شدہ تصاویر سے صورت حال مزید واضح ہو رہی ہے ۔