قائمہ کمیٹی مواصلات کا اجلاس، مانسہرہ سروس ایریا ودیگر معاملات پر غور
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کی سب کمیٹی کا اجلاس سب کمیٹی کے کنونیئر سینیٹر محمد یوسف بادینی کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مانسہرہ سروس ایریا اور ایم 5پر بغیر بڈنگ کے عمل پی ایس او کو سروس ایریا ز دینے کے معاملات زیر غور آئے۔وزارت مواصلات نے سب کمیٹی کو مانسہرہ ایریا اور دیگر معاملات پر تفصیلی آگاہ کیا۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ مانسہرہ سروس ایریا میں فلنگ اسٹیشن بنانے کا عمل شروع کیا گیا ابتدائی طور پر اس میں ٹک شاپ کی سہولت نہیں تھی اس کے ٹینڈرنگ عمل میں دو کمپنیوں نے حصہ لیا لیکن وہ کوالیفائی نہ کر سکیں جس کے بعد ٹینڈرنگ کا عمل دوبارہ شروع کیا گیا۔ تاہم این ایچ اے نے ٹک شاپ کی سہولت کی فراہم کرنے کی بھی منظوری دی۔ انہوں نے بتایا کہ ٹینڈر کا ٹیکنیکل پہلوں سے جائزہ لینے کا عمل جاری ہے ایم 5سکھر -ملتان پر سروس ایریاز کے ٹینڈرنگ عمل اور موجودہ صورتحال پر بھی تفصیل سے غور کیا گیا۔آج کے اجلاس میں سینیٹرز آغا شاہ زیب درانی اور ڈاکٹر اشوک کمار کے علاوہ وزارت کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔