تاجر گوادر میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں،صادق سنجرانی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ گوادر پاکستان کی ایک نئی بندرگاہ کے طور پر ابھر رہا ہے اور جلد ہی گوادر صنعتی و سرمایہ کارانہ سرگرمیوں کا مرکز بن جائے گا لہذا کاروباری برادری گوادر میں کاروبار کے ابھرتے ہوئے مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس نے صدر محمد احمد وحید کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ممبر قومی اسمبلی اور پی ایف سی سی آئی کی سابق نائب صدر ساجدہ ذوالفقار بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ چیمبر کے نائب صدر سیف الرحمن خان اورسابق سینئر نائب صدر و یو بی جی ایف پی سی سی آئی کے چیف کوآرڈینٹرملک سہیل حسین وفد میں شامل تھے۔صادق سنجرانی نے کہا کہ گوادر اب کاروبار اور سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش بنتا جا رہا ہے لہذا کاروباری برادری کو چاہیے کہ وہ گوادر سمیت بلوچستان میں سرمایہ کاری پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بزنس کمیونٹی معیشت کی ترقی کیلئے ریڑھ کی ہڈی ہے لہذا ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے تا کہ ان کو کاروبار کرنے میں آسانی ہو۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری نے جس طرح کروناوائرس سے پیدا ہونے والے چیلنجوں کا مقابلہ کیا ہے وہ قابل ستائش ہے اور اس بات کا ثبوت ہے کہ تاجر برادری مشکل حالات کا مقابلہ کرنے کی بہتر صلاحیت رکھتی ہے۔ ایم این اے محترمہ ساجدہ ذوالفقار نے اس موقع پر چیمبر کے وفد کو خیبر پختونخواہ میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے ممکنہ مواقعوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں سیاحت کو فروغ دینے کی بے شمار صلاحیت ہے تاہم وسائل کی کمی سیاحت کے انفراسٹریکچر کو ترقی دینے میں ایک رکاوٹ ہے۔ لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تاجر برادری سیاحت کی صنعت کو فروغ دینے میں حکومت کے ساتھ پارٹنر بنے جس سے ملکی اور غیر ملکی سیاحت کو فروغ ملے گا۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ حکومت نے تعمیراتی صنعت کو ایک پرکشش پیکیج فراہم کیا ہے جس سے تعمیراتی سرگرمیوں میں تیزی پیدا ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گوادر سمیت دیگر صنعتی زونز میں سرمایہ کاری کرنے پر اسی طرز کا پیکج دیگر صنعتوں کو بھی فراہم کرے جس سے پاکستان میں صنعتی ترقی کا ایک نیا دور شروع ہو گا اور معیشت تیز رفتار ترقی کی راہ پر گامزن ہو گی۔ انہوں نے تجویز دی کہ خیبر پختونخواہ میں سیاحت کی صلاحیت اجاگر کرنے کے لئے کے پی کے میں ایک سیاحت کانفرنس منعقد کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین آزاد تجارت کا معاہدہ آخری مراحل میں ہے تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان جلد از جلد ترکی کے ساتھ ایف ٹی اے کو حتمی شکل دے جس سے تجارتی رکاوٹیں دور ہوں گی اور دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تجارت کو بہتر فروغ ملے گا۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر سیف الرحمن خان اورسابق سینئر نائب صدراور یو بی جی ایف پی سی سی آئی کے چیف کوآرڈینٹر ملک سہیل حسین نے قانون سازی کے عمل کی آٹومیشن کرنے کے لئے حکومت کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ اس سے ملک میں قانون سازی کا عمل تیز ہو گا۔