کے الیکٹر ک کے حوالے سے معاملات کو جلد حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں، محمدمیاں سومرو
اسلام آباد(نیوزرپورٹر) وفاقی وزیر برائے نجکاری محمدمیاں سومرو نے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ کے الیکٹر ک کے حوالے سے معاملات کو جلد از جلد حل کیا جائے،بین الوزارتی کمیٹی اس حوالے سے مختلف متعلقہ ڈیپارٹمنٹس سے میٹنگ کر چکی ہے۔ جمعرات کو وفاقی وزیر برائے نجکاری محمدمیاں سومرو کی زیر صدارت کے الیکٹرک سے متعلق بین الوزارتی اجلاس ہوا جس میں کے-الیکٹرک سے متعلق ادائیگیوں اور وصولیوں ، نیشنل سیکیورٹی سرٹیفیکٹ اوردیگر سے متعلق بات چیت کی گئی ۔ اہم اجلاس میں وفاقی وزیر توانا عمر ایوب ، وزیر منصوبہ بندی اور ترقی اسد عمر، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر اور معاون برائے پاور سیکٹر شہزاد قریشی نے شرکت کی ۔اجلاس میں کے-الیکٹرک سے متعلق مختلف مسائل اور حل کے متعلق تفصیلی بحث کی گئی ۔ اجلاس میں وزارت خزانہ، وزارت پٹرولیم، کے-الیکٹرک ، کراچی واٹر بورڈ، ایس-ایس -جی-سی-ایل، این-ٹی-ڈی-سی -ایل اور نیپرا کے نمائندوں نے شرکت۔ وفاقی وزیر محمدمیاں سومرو نے کہا کہ بین الوزارتی کمیٹی اس حوالے سے مختلف متعلقہ ڈیپارٹمنٹس سے میٹنگ کر چکی ہے، ہماری کوشش ہے کہ معاملات کو جلد از جلد حل کیا جائے۔بین الوزارتی کمیٹی کے ممبران نے مختلف آپشنز پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ جلد ہی تمام معاملات حل ہوگے،ہماری بھرپور کوشش ہے کہ کراچی کے عوام کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی ممکن ہو سکے۔