کپاس زرعی معاشی شعبے میں اہم پیشرفت فراہم کرسکتی ہے، فخر امام
اسلام آباد(نا مہ نگار)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ وتحقیق، سید فخر امام نے کہا ہے کہ کپاس،ملک کے زرعی معاشی شعبے میں ایک اہم پیشرفت فراہم کرسکتی ہے،پاکستان سینٹرل کاٹن کمیٹی(پی سی سی سی)کا 88واں اجلاس وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ وتحقیق، سید فخر امام کی زیر صدارت بروز جمعرات ہوا۔انہوں نے کہا کہ کپاس،ملک کے زرعی معاشی شعبے میں ایک اہم پیشرفت فراہم کرسکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں بہتر پیداوار کیلئے 48000ٹن تصدیق شدہ کپاس کے بیج کی نشاندہی کرنے کی ضرورت ہے۔ان کا موقف تھا کہ فائننس ڈویژن نے وائٹ فلائی سبسڈی کے لئے فنڈز جاری کردیئے ہیں۔اس سبسڈی کی مقدار 6ارب روپے ہیں۔ صوبے رجسٹرڈ کاشتکاروں کو یہ سبسڈی فراہم کریں گے۔اجلاس کے دوران چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تقرری اور سائنسی عہدوں پر تقرری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ان پوسٹوں کے نتیجے میں پی سی سی کی بہتری ہوگی۔کاٹن ریسرچ اسٹیشن ، بہاولپور اور ساہیوال کے انتظامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اگلے سال کا بجٹ منظور کیا گیا۔یہ بھی بتایا گیا کہ 62سائنس دان کپاس کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے کام کر رہے ہیں۔اجلاس میں وزارت خزانہ ، تجارت ، زراعت کے محکموں پنجاب ، سندھ ، بلوچستان ، ایپٹما ، پی سی جی اے ، کے سی اے ، کسانوں کے نمائندوں اور کاٹن کمشنر نے شرکت کی۔