انسداد ٹڈی دل،لسبیلہ کے متاثرہ علاقوں میں 330ہیکٹر رقبے پر کنٹرول آپریشن
اسلام آباد(نا مہ نگار) نیشنل لوکسٹ کنٹرول سینٹرکا کہنا ہے کہ پنجاب، خیبر پختونخواہ اور سندھ سے ٹڈی دل کا خاتمہ کر دیا گیا تاہم بلوچستان میں ٹڈی دل تاحال موجود ہے۔تفصیلات کے مطابق نیشنل لوکسٹ کنٹرول سینٹر کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں ٹڈی دل سے متاثرہ علاقوں میں محکمہ فوڈ سیکیورٹی، محکمہ زراعت اور پاک فوج کی مشترکہ ٹیموں کے سروے اور کنٹرول آپریشن کے نتیجے میں پنجاب، خیبر پختونخواہ اور سندھ سے ٹڈی دل کا خاتمہ کردیا گیا۔این ایل سی سی کے مطابق بلوچستان میں ٹڈی دل موجود ہے جہاں آپریشن تاحال جاری ہے۔این ایل سی سی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24گھنٹے کے دوران بلوچستان میں 1لاکھ 99ہزار 335ہیکٹرز رقبے کا سروے کیا گیا جبکہ لسبیلہ کے متاثرہ علاقوں میں 330ہیکٹر رقبے پر کنٹرول آپریشن کیا گیا۔این ایل سی سی کے مطابق گزشتہ 6ماہ کے دوران ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے 11لاکھ 26ہزار 949ہیکٹرز رقبے پر اسپرے کیا گیا۔