تیسرا جہازیوکرائن سے 69ہزارمیٹرک ٹن گندم لیکر کراچی پہنچ گیا
اسلام آباد(نا مہ نگار)وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی کوششوں کے بعد تیسرا جہاز ایم وی کوونٹی یوکرائن سے 69000 میٹرک ٹن گندم لے کر کراچی بندرگاہ پہنچا ہے۔ فیڈرل ڈیپارٹمنٹ آف پلانٹ پروٹیکشن (ڈی پی پی) کے ماہرین نے بائیو سکیورٹی کی جانچ کے لئے جہاز کا لازمی معائنہ کیا۔ وفاقی وزارت کی نجی شعبہ کی حوصلہ افزائی کے بعد اگست 2020ء کے آخری ہفتے سے اب تک مجموعی طور پر 195000 میٹرک ٹن گندم تین جہازوں کے ذریعے درآمد کی گئی ہے۔ اطمینان بخش فائٹوسانٹری معائنہ کے بعد جہاز کو فوری طور پر خارج کر دیا گیا۔ وفاقی وزارت متعلقہ صوبائی حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں تاکہ کراچی سے ملک کے دیگر حصوں تک گندم کی آمد ورفت یقینی بنایا جاسکے۔ملک میں گندم کے آٹے کی قیمت پر حالیہ گندم کی درآمد کا ایک نمایاں اثر دیکھا گیا ہے۔توقع کی جارہی ہے کہ اگلے کچھ دنوں میں جب ملک کے مختلف حصوں میں درآمد شدہ گندم چکیوں تک پہنچ جائے گی تو یہ اثر زیادہ واضح ہوجائے گا۔گندم کی مزید درآمدی جہازوں کو 4 سے 5 دن کے وقفہ کے ساتھ کراچی بندرگاہ پہنچنا ہے جس سے گندم کی قیمتوں میں کمی آئے گی اور عام لوگوں کو بڑی راحت مل سکتی ہے۔