مجلس قائمہ داخلہ کا اجلاس ،گداگری بل سمیت متعدد معاملات کا جائزہ
اسلام آباد(نیوزرپورٹر)سینٹ کی مجلس قائمہ برائے داخلہ کے اجلاس میں سینیٹر میاں محمد عتیق شیخ کی طرف سے 27جولائی2020کو ایوان بالا کے اجلاس میں متعارف کرائے گئے اسلام آباد میں گداگری کی روک تھام کا بل 2020، سینیٹر میاں محمد عتیق شیخ کے 27جولائی2020کو سینیٹ اجلاس میں متعارف کرائے گئے انسداد دہشت گردی ترمیمی بل 2020،سینیٹر سسی پلیجو کے 10 جنوری2020 کو سینیٹ اجلاس میں پوچھے گئے سوال برائے صوبہ سندھ میں رہنے والے غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ کے غیر قانونی اجرا، سینیٹر پروفیسر ساجد میر کی جانب سے 22 جولائی 2020 کو سینیٹ اجلاس میں اٹھائے گئے عوامی اہمیت کے معاملہ برائے سی ڈی اے کی جانب سے مساجد کو شہید کرنے، قائمہ کمیٹی کی 13 اگست2020 کو منعقد ہونے والے کمیٹی اجلاس میں نادرا میں ایف آئی اے اور امیگریشن کی مدد سے ڈیٹا بیس قائم کرنے کے علاوہ چیئرمین سینیٹ کی جانب سے 30 جون2020 کو ریفر کی گئی گاڑیوں کی چوری کے متعلق عوامی عرضداشت کے معاملات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر میاں محمد عتیق شیخ کے اسلام آباد میں گداگری کی روک تھام کا بل 2020 اور انسداد دہشت گردی ترمیمی بل 2020 کے حوالے سے چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ان بلوں میں مزید ترمیم کی ضروت ہے اور محرک بل نے کہا کہ وہ ان کو واپس لے کر ترمیم کے نیاڈرافٹ کمیٹی میں پیش کریں گے جسے کمیٹی نے منظور کر لیا۔قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں لیفٹینٹ ناصر خالد و دیگر شہدا کی شہادت، سابق فاٹا کی مہمند ایجنسی کی کان میں دھماکے اور سیلاب کے دوران جاںبحق ہونے والے افراد کے لئے دعائے مغفرت کی اور قائمہ کمیٹی نے وزیرِداخلہ اعجاز شاہ کے بھائیوں کی وفات پر دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دعائے مغفرت بھی کی۔ قائمہ کمیٹی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم وبربریت اور انسانی حقوق کی بدترین پامالی کے خلاف ایک قرار داد پیش کرتے ہوئے بھارتی اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے عاشورہ جلوسوں پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قرار داد بھی پاس کی۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر رحمان ملک نے کہا ک ایک بڑے عرصے کے بعد محرم الحرام امن و امان سے گزرا ہے۔وزارت داخلہ کو اس حوالے سے خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔قا ئمہ کمیٹی نے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ایک قرار داد بھی پاس کی۔قائمہ کمیٹی داخلہ نے وزارت داخلہ اورملک میں قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کومحرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے پر شاباش د ی۔ انہوں نے کہا کہ محدود ذرائع، مشکل حالات اور شرپسند عناصر کیطرف سے دہشت گردی کے خطرات کے باوجود امن و امان برقرار رکھنا قابل ستائش ہے۔ قائمہ کمیٹی امن کمیٹیوں اور مذہبی اسکالرز کو بین المذاہب ہم آہنگی برقرار رکھنے پر خراج تحسین پیش کرتی ہے۔سینیٹ قائمہ کمیٹی داخلہ نے غیر ملکیوں کو خلاف قانون ویزہ اجرا کرنے پر سخت ناراضگی کا اظہارکرتے ہوئے غیرملکیوں کو خلاف ضابطہ ویزوں کے اجرا میں ملوث نادرا ملازمین کو قانون کے کہٹرے میں لانے کی ہدایت کی اور وزارت داخلہ کو کہا کہ اس بات کو یقینی بنائے کہ غیر قانونی غیرملکیوں کو فوری ملک بدر کیا جائے۔ قائمہ کمیٹی داخلہ نے ڈی جی پاسپورٹ کی کمیٹی اجلاس میں عدم شرکت پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں کراچی امدادی پیکج کے تناسب کے حوالے سے تنازعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ اس طرح کے معاملات سے ملک پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ یہ ایک انتہائی دلخراش واقعہ ہے۔ملوث مجرمان کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔ سزا دینے سے ہی اس طرح کے واقعات رک سکتے ہیں۔سیکرٹری داخلہ نے کمیٹی کو بتایا کہ صوبائی حکومت پنجاب نے ایک اعلی سطح کمیٹی تشکیل دی ہے اس کی انکوائری رپورٹ قائمہ کمیٹی کو پیش کر دی جائے گی۔قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں چائنہ کٹنگ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ ملک بھر میں چائنہ کٹنگ فروغ پا رہا ہے۔ سپریم کورٹ نے بھی فیصلہ دیا ہوا ہے کہ ملک میں چائنہ کٹنگ کو ختم کیاجائے مگر عملدرآمد نہیں ہورہا۔