پیپلز پارٹی نے سندھ کو لوٹنے کے سوا کچھ نہیں کیا، علی زیدی
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت)وفاقی وزیرِ بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ 12 برس پاکستان پیپلز پارٹی(پی پی پی )نے سندھ پر حکومت کی اور اسے لوٹا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیئے گئے ایک بیان میںانہوں نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر اپنے ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری سیلاب کے شکار عوام کی کسمپرسی کا الزام وفاقی حکومت کے سر پر دھر رہے ہیں۔وزیرِ بحری امور علی زیدی کا مزید کہنا ہے کہ نہ روٹی، نہ کپڑا، نہ مکان، محض سندھ کے عوام کو بیوقوف بنانے کا ایک حربہ ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ وفاقی حکومت نے اہلِ کراچی کے لیے قدم بڑھائے ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی بھی کچھ سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔