اڈیالہ جیل میں رشوت کا بازار گرم ،مجرم گینگ چلاتے ہیں، راجہ خرم نواز کا الزام ؎
اسلام آباد( نیوزرپورٹر)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں چیئرمین کمیٹی راجہ خرم نواز نے الزام عائد کیا ہے کہ اڈیالہ جیل میں رشوت کا بازار گرم ہے،مجرم اڈیالہ جیل میں بیٹھ کر گینگ چلاتے ہیں،ہائی پروفائل کیسز میں لوگ جیل کے اسپتالوں میں وی آئی پی زندگی گزار رہے ہیں،ڈی آئی جی جیل خانہ جات قیدیوں کی تفصیلات پر مبنی رپورٹ کمیٹی کو پیش کریں،کمیٹی میں ڈی سی کرک کی غیر حاضری پر ارکان نے شدید برہمی کا اظہار کیااور ڈی سی کی نمائندگی کیلئے آنے والے اسسٹنٹ کمشنر کرک کو کمیٹی روم سے باہر نکال دیاگیا۔جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس چیئرمین کمیٹی راجہ خرم شہزاد کی زیر صدارت ہوا۔اجلاس میں پورے ملک میں نادرا کے سینٹرز قائم کرنے کے حوالے سے نادرا حکام نے بریفنگ دی جبکہ چائلڈ پورنو گرافی میں ملوث ملزم سہیل ایاز کے حوالے سے بھی کمیٹی کو بریفنگ دی گئی۔چیئرمین کمیٹی نے سہیل ایاز کے حوالے سے پنجاب پولیس اور ایف آئی اے حکام کو طلب کر لیا گیا۔ایم این اے عطااللہ نے خیبرپختونخوا کے علاقے کرک میں لیبر رومز کی ویڈیو کے معاملہ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ویڈیوز6ماہ پہلے وائرل ہوئیں تھیں کوئی کاروائی نہیں ہوئی،خواتین کے لیبر روم کی 42ویڈیو بنائی گئیں، 42ویڈیوز کی صرف ایک ایف آئی آر کاٹی گئی ہے۔کمیٹی نے اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کرک کے نہ آنے پر شدید برہمی کا اظہارکیا۔اے سی کرک نے کمیٹی میں بیان دیا کہ ڈی سی کرک کی وزیراعلیٰ کے ساتھ میٹنگ تھی اس لئے وہ نہیں آئے۔جس پر چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ آپ کمرے سے نکل جائیں۔