نوشہرہ: 13 پولیس افسروں کے سامنے لیڈی کانسٹیبل قتل، بہن زخمی
نوشہرہ (نوائے وقت رپورٹ) نوشہرہ میں 13 پولیس افسران کے سامنے لیڈی کانسٹیبل کو قتل اور بہن کو زخمی کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اکبر پورہ علی شاہ میں کانسٹیبل کے بھائیوں کے ساتھ دشمنی پر پیش آیا۔ تمام پولیس اہلکار لیڈی کانسٹیبل کے سربمہر گھر کو کھلوانے گئے تھے۔ پرانی دشمنی پر قتل کی واردات کے بعد گھر کو سیل کیا گیا تھا۔ ہائیکورٹ نے لیڈی کانسٹیبل کو سربمہر گھر سے سامان لینے کا حکم دیا تھا۔ مقتولہ لیڈی کانسٹیبل کی لاش پبی ہسپتال اور زخمی بہن کو طبی امداد کیلئے پشاور منتقل کردیا گیا ہے۔ ڈی پی او کے مطابق ایس ایچ او سمیت 13 پولیس اہلکاروں کو معطل کرکے لائن حاضر کرلیا گیا۔ پولیس اہلکاروں کیخلاف پولیس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ہے۔