پی اے سی ذیلی کمیٹی کا اجلاس، سیکرٹری پاور ڈویژن کی عدم موجودگی کی بنا پر منسوخ
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پبلک اکائونٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس سیکرٹری پاور ڈویژن کی عدم موجودہ کی بناء پر منسوخ کر دیا گیا ہے۔ جمعرات کو اجلاس کمیٹی کے کنوینر راجہ ریاض احمد کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا جس میں کمیٹی کے ارکان سیمی ایزدی اور حنا ربانی کھر نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں پاور ڈویژن کے 2018-19ء کے آڈٹ اعتراضات کاجائزہ لیا جانا تھا تاہم آغاز میں کمیٹی کے کنوینر راجہ ریاض احمد نے کہا کہ سیکرٹری پاو ڈویژن کا اب سے کچھ دیر پہلے 10 بجے پیغام ملا ہے کہ وہ اجلاس میں شرکت نہیں کر سکٰں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ طریقہ کار درست نہیں ہے۔ میں فیصل آباد سے سفر کرکے آیا ہوں ۔ پاور ڈویژن کی طرف سے بتایا گیا کہ سیکرٹری ڈویژن کو کہیں جانا پڑ گیا ہے وہ اس لئے نہیں آ سکے۔ کمیٹی کے ارکان سیمی ایزدی اور حنا ربانی کھر نے بھی اس معاملے پر برہمی کا اظہار کیا اور تجویز دی کہ اجلاس احتجاجاً منسوخ کیا جائے۔