دورہ پاکستان سے انکار پر سری لنکن کھلاڑی تھسارا پریرا اور نیروشن ڈکویلا کو کیریبیئن پریمیئر لیگ میں شرکت کیلیے درکار این او سی سے محروم ہونا پڑگیا۔گزشتہ روز سری لنکن ون ڈے ٹیم کے کپتان ڈیموتھ کرونا رتنے، ٹی ٹوئنٹی کپتان لیستھ مالنگا، اینجیلو میتھیوز، سورنگا لکمل، اکیلا دھننجایا، دنیش چندیمل، دھننجیا ڈی سلوا، کوشل پریرا، نیروشن ڈکویلا اور تھسارا پریرا سمیت 10کرکٹرز نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے پاکستان آنے سے صاف انکار کردیا تھا، سری لنکن بورڈ نے ون ڈے ٹیم کی قیادت لاہیرو تھریمانے اور ٹی ٹوئنٹی کی ڈاسن شناکا کے سپرد کردی۔اب سی پی ایل میں شریک تھسارا پریرا کو کہا گیا ہے کہ 15ستمبر سے قبل سری لنکا واپس پہنچ کر رپورٹ کریں، دوسری طرف نیروشن ڈکویلا کو سرے سے این او سی دیا ہی نہیں گیا، وہ قبل ازیں نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کی وجہ سے سی پی ایل کا کوئی میچ نہیں کھیل پائے تھے۔سری لنکن کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ایشلے ڈی سلوا نے کہا ہے کہ جب بھی قومی ٹیم کی کوئی مصروفیات ہوں، کسی کھلاڑی کو این او سی دینے کی پالیسی نہیں ہے، ایس ایل سی کے ایک اور عہدیدار کا کہنا ہے کہ پاکستان جانے سے انکار کرنے والے کرکٹرز کے رویہ پر مایوسی ہوئی ہے، نیروشن ڈکویلا اور تھسارا پریرا کو قومی ٹیم کا کیمپ جوائن کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔یاد رہے کہ سری لنکن ٹیم کی 25ستمبر کو کراچی آمد کے بعد پہلا ون ڈے27ستمبر، دوسرا29ستمبر اور تیسرا 2اکتوبر کو نیشنل سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تینوں میچز قذافی سٹیڈیم لاہور میں 5، 7اور 9اکتوبر کو شیڈول ہیں۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024