سانحہ بلدیہ میں انسانیت کے ساتھ ظلم ہوا اور مجرموں کو ہر صورت سزا ملنی چاہئے: وزیراعلی سندھ

Sep 11, 2018 | 13:44

ویب ڈیسک

 وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے دیا مر بھاشا ڈیم پر تحفظات کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ صوبائی خود مختاری کو متاثر کیا گیا تو مزاحمت کریں گے، کچھ ماہ کے دوران اسٹریٹ کرائم میں اضافہ ہوا ۔ منگل کو بابائے قوم کی برسی پر وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ اور گورنر عمران اسماعیل نے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر صوبائی کابینہ کے اراکین بھی موجود تھے۔ گورنر اور وزیر اعلی نے مزار قائد پر رکھی گئی کتاب میں تاثرات درج کئے۔بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کچھ ماہ کے دوران اسٹریٹ کرائم میں اضافہ ہوا ہے، کیونکہ نگراں حکومت کے دور میں پولیس اور امن و امان کی بجائے الیکشن پر زیادہ زور دیا گیا، محرم الحرام کے فوری بعد ایسی پالیسیاں بنائیں گے جس سے جرائم پر قابو پایا جاسکے۔ انہوں نے کہا سانحہ بلدیہ میں انسانیت کے ساتھ ظلم ہوا اور مجرموں کو ہر صورت سزا ملنی چاہئے۔ سانحہ بلدیہ کی برسی سے متعلق سوال کے جواب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ واقعے میں انسانیت کے ساتھ ظلم ہوا تھا اور اس میں ملوث مجرموں کو ہر صورت سزا ملنی چاہئے، ہرصورت ملکی آئین پر چلنا ہے، ملک اور صوبے کو ترقی دینی ہے، سندھ کو امن کا گہوارا بنائیں گے۔گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ گورنر ہاس کھولے جانے پر عوام نے نہایت خوش گوار ردعمل کا اظہار کیا ہے، گرین لائن سمیت تمام میگا پروجیکٹس پر کام کی رفتار تیز کی جائے گی، تمام اسٹیک ہولڈرز اورسیاسی جماعتیں ساتھ مل کر کام کریں تو کوئی وجہ نہیں کہ مسائل حل نہ ہو سکیں۔

مزیدخبریں