محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں

Sep 11, 2018

راولپنڈی (رپورٹ: سلطان سکندر/تصویر: ایم جاوید) اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب کے ممبران مفتی محمد رمضان سیالوی، پیرزادہ محمد عثمان نوری، قاری محمد سلیم زاہد، صاحبزادہ ضیاء اﷲ رضوی، حافظ عبدالحمید عامر اور پیرزادہ عبدالمصطفیٰ چشتی نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے ضابطۂ اخلاق پر عملدرآمد کرانے میں علماء کے ساتھ عوام بھی اپنی ذمہ داریاں ادا کریں اور اشتعال انگیز تقاریر کرنے والے علماء اور ذاکرین کو مذہبی پروگراموں میں مدعو نہ کیا جائے۔ حکومت پنجاب کے ضابطہ ٔ اخلاق کو نہ صرف وفاقی حکومت پورے ملک میں نافذ کرے بلکہ اسے قرار داد مقاصد کی طرح آئین پاکستان کا حصہ بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی اچانک راولپنڈی میں صوبائی اور ڈویژنل امن کمیٹیوں کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر راولپنڈی آمد اور ممبران امن کمیٹی سے ملاقات خوش آئند ہے۔ اس سے نہ صرف علماء کرام کی حوصلہ افزائی ہوئی بلکہ اس سے واضح ہوگیا کہ صوبائی حکومت محرم الحرام کے دوران امن اور اتحاد کے قیام میں کسی قدر سنجیدہ اور مخلص ہے۔ وہ پیر کے روز دورۂ راولپنڈی کے دوران ایوان وقت میں اظہار خیال کررہے تھے۔ زونل ناظم اوقاف زاہد اقبال مرزا، زونل خطیب مولانا محمد اقبال رضوی اور قاری غلام مصطفیٰ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ مفتی محمد رمضان سیالوی نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔ دس محرم جمعہ کو ہونے کی صورت میں ماتمی جلوس کے روٹ میں آنے والے نماز جمعہ کے اجتماعات اور جلوسوں کے پروگرام کو ری شیڈول کیا جائے گا۔ امن و امان کے قیام کیلئے انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے آن بورڈ ہیں، محرم کے دوران ہر مسلک کے علماء اور عوام کو امن، رواداری اور محبت کے ساتھ اپنے معمولات ادا کرنے کا حق حاص ہے مگر اس سلسلے میں ایک دوسرے کے جذبات اور بزرگوں کا احترام کیا جائے اور کوئی ایسی بات نہ کی جائے جس سے اشتعال یا بدامنی پیدا ہو۔ پیرزادہ محمد عثمان نوری نے کہا کہ دہشتگردی، شدت پسندی اور بدامنی پھیلانے کی سیاسی وجوہ بھی ہوسکتی ہیں اور اس میں بیرونی ہاتھ بھی کارفرما ہوسکتا ہے، اس لئے ہمیں دشمن کی سازشوں پر گہری نظر رکھنی چاہیے۔ ہمیں اپنا عقیدہ نہ چھوڑیں اور دوسرے کو نہ چھیڑیں کے اصول پر عمل پیرا ہوکر قیام امن میں کردار ادا کرنا چاہیے۔ ارکان نے کہا کہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی نمائش کے بارے میں حکومت اور علماء کا رویہ بڑا مثبت اور بروقت تھا۔ آئندہ بھی ایسے واقعات پر گہری نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران اشتعال انگیزی اور افواہیں پھیلانے کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے آخر میں مفتی محمد رمضان سیالوی نے ملکی امن و اتحاد اور سلامتی کیلئے دعا کرائی۔

مزیدخبریں