حکومت کے تین ہفتوں میں ملک بین الاقوامی تنہائی کا شکار ہو گیا،سینیٹر بہرہ مند خان تنگی

Sep 11, 2018

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر بہرہ مند خان تنگی نے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری نے دنیا کے ممالک کے کو پاکستان کا دوست بنایاتھا جبکہ نواز شریف دنیا کے حکمرانوں کو ذاتی دوست بنانے کے راستے پر گامزن تھا مگر پی ٹی آئی حکومت کے تین ہفتوں میں ملک بین الاقوامی تنہائی کا شکار ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات کی کوئی ساکھ قائم نہیں ہوئی۔ عمران خان کےتمام وعدے ریت کی دیوار ثابت ہوں گے۔ پیپلزپارٹی کے میڈیا آفس میں بات چیت کرتے ہوئے سینیٹر بہرہ مند خان تنگی نے کہا کہ عمران حکومت گورنر ہاوسز کے دروازے کھولنے کی بجائے عوام کے لئے روزگار کے دروازے کھولیں۔ ٹاسک فورس کے اوپر ٹاسک فورس بنانے کے گورکھ دھندے کے ذریعے قوم کو بیوقوف نہیں بنایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ وقت ثابت کرے گا کہ پی ٹی آئی کی سونامی ملک کو معاشی طور پر بدحال کر دے گی۔ سینیٹر بہر ہ مند تنگی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مودی حکومت مظلوم کشمیریوں کی خون ریزی کر رہی ہے مگر عمران حکومت نواز شریف کی طرح مودی کے مظالم کے خلاف عالمی سطح پر احتجاج کرنے سے قاصر ہے۔ 

مزیدخبریں