انتخابات دھاندلی زدہ ،حکومت ضد نہ کرے اور پارلیمانی کمیشن بنادے

Sep 11, 2018

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی پاکستان اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے اسلام آباد میں اجتماع ارکان اور متحدہ مجلس عمل کی مرکزی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2018 ء کے انتخابات دھاندلی زدہ ہیں ۔ حکومت ضد نہ کرے اور پارلیمانی کمیشن بنادے ۔ تحقیقات ہو جائیں تمام حقائق منظر عام پر آجائیں گے ۔ نئی حکومتیں قائم ہو گئی ہیں لیکن ہر آنے والا دن حکمران جماعت کو بے نقاب کررہاہے کہ حکومت چلانے کی کوئی تیاری نہیں روزانہ کی بنیاد پر بہترین خبر دینے کے لیے اقدامات ہورہے ہیں ۔ بجلی گیس اور کھاد کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیاہے مہنگائی مسلسل بڑھتی چلی جارہی ہے ۔ اسٹاک ایکسچینج اور ڈالر ریٹ میں استحکام نہیں حکومت کا شہد بھرا چاند مہینہ گزر گیا ۔ عوام اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ اٹھارویں آئینی ترمیم کو بائی پاس کر کے وفاق صوبائی حقوق اور خود مختاری میں دخل اندازی نہ کرے ۔ مدارس کے نظام کو تلپٹ کرنے کا اقدام حکومت کے لیے وبال جان بن جائے گا ۔ غیر طبقاتی اور یکساں نظام تعلیم کی پالیسی کے خد و خال واضح کیے جائیں صرف اعلانات سے فساد نہ پیدا کیا جائے ۔ انہوںنے کہاکہ قادیانیوں کی سرپرستی حکومت کو مہنگی پڑے گی ۔ اسلامیان پاکستان اسلامی قوانین کی حفاظت کریں گے ۔ انسانی اور اقلیتوں کے حقوق کے واویلا میں پاکستان لبرل اور سیکولر ملک نہیں بنایا جاسکتا ۔ آئین پاکستان ہر پاکستانی کے حقوق کی حفاظت کرتاہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ پاک چین دوستی ہر آزمائش میں سرخرو ہوئی ہے ۔ سی پیک پر بروقت عملدرآمد خطہ میں امن و استحکام کے لیے ضروری ہے ۔ امریکہ بھارت اور اسرئیل کی سازشوں کو ناکام بنایا جائے ۔

مزیدخبریں