عزاداری منانا ہر شہری کا آئینی‘ قانونی‘ مذہبی اور شہری حق ہے ، علامہ ساجد نقوی

Sep 11, 2018

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے محرم الحرام 1440 ھجری کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا کہ نواسہ رسول اکرم ؐ ‘ فرزند علی و بتول ؑ‘ محسن انسانیت حضرت امام حسین علیہ السلام کی جدوجہد اور واقعہ کربلا سے الہام لینے اور استفادہ کرنے کا سلسلہ61 ھجری سے آج تک جاری ہے اور تاقیامت جاری رہے گا دنیا میں حریت پسندی کی ہر تحریک کربلا کی مرہون منت نظر آتی ہے اور دنیا کی تمام حریت پسند تحریکیں امام حسین ؑ کی شخصیت سے متاثر نظر آتی ہیں۔ دور حاضر میں بھی دنیا کے مختلف حصوں میں آزادی‘ استقلال اور حریت پر مبنی تحریکیں بھی کربلا اور حسینیت سے استفادہ کررہی ہیں اور ظلم و تجاوز کے خلاف حسینی عزم کے ساتھ جدوجہد کررہی ہیں۔ چونکہ معاشرے کے اجتماعی مسائل کے حل اور معاشرے میں انقلابی تبدیلی لانے کے لئے ایک مشن کی ضرورت ہوئی ہے اس لئے امام حسین ؑ کی جدوجہد کو ایک مشن کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ علامہ ساجد نقوی کا مزید کہناتھا کہ نواسہ رسول اکرم ؐ حضر ت امام حسین علیہ السلام نے صحرائے کربلا میں اپنے اصحاب و انصار سمیت شہادت کے درجے پر فائز ہوکر اسلام اور انسانیت کی بقاء کا انتظام فرمادیا۔

مزیدخبریں