کشمیروں کو ایل او سی کے آر پار نقل و حرکت کی اجات دی جائے: یو این ہائی کمشنر

Sep 11, 2018

اسلام آباد (جاوید صدیق) اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی سربراہ ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق مشعل بے شلیٹ نے کونسل سے اپنے افتتاحی خطاب میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی ہے اور بھارت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر نے اس بات پر تاسف کا اظہار کیا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں اقوام متحدہ کی رپورٹ میں اٹھائے گئے اعتراضات کے خاتمے کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے۔ اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے بھی وہی حقوق ہیں جو کہ دنیا کے باقی ملکوں کے باشندوں کو حاصل ہیں۔ اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر نے اس مطالبہ کا اعادہ کیا کہ کشمیر کے لوگوں کو لائن آف کنٹرول کے آر پار نقل و حرکت کی آزادی دی جائے۔ ہائی کمشنر کے پیشرو ہائی کمشنر زاہد حسین نے مطالبہ کیا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجوں کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک تحقیقاتی کمشن تشکیل دیا جائے۔

مزیدخبریں