اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ویب پورٹل بنانیکا فیصلہ

Sep 11, 2018

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ محمد شہزاد ارباب نے وفاقی حکومت کے100 دن کے اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد کے جائزے اور اس سلسلے میں تکنیکی معاونت فراہم کرنے کیلئے قائم وزیراعظم ریفارم ٹیم کے اجلاس کی صدارت کی۔ وزیراعظم ہائوس میں ہونے والے اجلاس میں سیکرٹری اوورسیز پاکستانیزآصف شیخ نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر مشیر وزیراعظم نے سرمایہ کاروں کی آمد اور اعلیٰ تربیت یافتہ پاکستانی پروفیشنلز کی پاکستان واپسی کیلئے سہولیات فراہم کرنے اور خصوصی ادارہ جاتی طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔شہزاد ارباب کا کہنا تھا کہ "برین ڈرین" کی جگہ" برین گین "کارجحان پید اکرنے کی فوری ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ قیادت بیرون ملک موجودپاکستانیوں کے تجربے اور پیشہ ورانہ مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہے، اس مقصدکیلئے مضبوط سیاسی عزم بھی موجود ہے تاکہ یہ لوگ واپس آ کر پاکستان کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کر سکیں۔ اجلاس کے دوران اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ایک ویب پورٹل قائم کرنیکافیصلہ کیا گیا جس پران مہارتوں، تجربات اور علوم کاذکر کیا جائے گا جسکی پاکستان میں تبدیلی لانے کیلئے ضرورت ہوگی۔

مزیدخبریں