ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے ڈیموں کی تعمیر ناگز یر ہے: حافظ سعید

Sep 11, 2018

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ سعید نے کہا ہے کہ وطن عزیز پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ڈیموں کی تعمیر ناگزیر ہے۔ اگر ہنگامی بنیادوں پر ملک میں ڈیم تعمیر نہ کئے گئے تو آنے والے چند برسوں میں پینے کا صاف پانی ملنا بھی مشکل ہو جائے گا۔ وزیر اعظم عمران خان اور چیف جسٹس کی طرف سے ڈیم فنڈ قائم کرنے کا اعلان خوش آئند ہے۔ ہر شخص کو چاہیے کہ وہ قومی خدمت کے جذبہ کے تحت اس کار خیر میں ضرور حصہ ڈالے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ پانی کا مسئلہ اس وقت پاکستان میں سنگین بحران کی صورتحال اختیار کر چکا ہے۔ ڈیموں میں پانی نہ ہونے اور زیر زمین پانی کی سطح نیچے ہونے کا جس طرح زراعت پر اثر پڑ رہا ہے اسی طرح مختلف بیماریاں بھی پھیل رہی ہیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان اور وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کیلئے فنڈ قائم کرنے کا اعلان وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ہمیں آنے والی نسلوں کیلئے پانی جیسی بنیادی ضرورت کا بندوبست کرنا ہے۔ انہوں نے جماعۃ الدعوۃ کے کارکنان و ذمہ داران کی طرح تاجروں، صنعتکاروں اور زندگی کے دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد سے بھی اپیل کی کہ وہ ڈیموں کی تعمیر کیلئے قائم کردہ فنڈ میں اپنا حصہ ضرور ڈالیں۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ نئی حکومت کے لیے پانی اور کشمیر کا مسئلہ بہت بڑا چیلنج ہے۔ مسئلہ کشمیر سب سے پہلے حل کروانے کی ضرورت ہے۔ اسے حل کرنے سے ہی پاکستان میں بجلی و پانی کے بحران کا خاتمہ ممکن ہے۔ پوری قوم کو نظریہ پاکستان پر متحد کر کے پاکستان کو مضبوط و مستحکم بنائیں گے۔

مزیدخبریں