نیشنل فارسٹ پالیسی پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا :ملک امین اسلم

Sep 11, 2018

اسلام آباد(نوائے وقت نیوز)مشیر وزیراعظم برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے واضح کیا ہے کہ نیشنل فارسٹ پالیسی پر عملدرآمد کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا انہوں نے یہ بات پیر کو وزارت موسمیاتی تبدیلی میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں کہی ۔اجلاس میں وفاقی سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی خضر حیات خان اور محکمہ جنگلات کے سینئر افسران شریک ہوئے ۔ملک امین اسلم خان نے ’’ فیڈرل فارسٹری بورڈ‘‘ کو ازسر نو متحرک کرنے کے احکامات بھی صادر کیے ۔واضح رہے کہ فیڈرل فارسٹری بورڈ گزشتہ سال مشترکہ مفاداتی کونسل نے تمام صوبوں کی باہمی مشاورت کے بعد نیشنل فارسٹ پالیسی ٔ کے تحت منظور کیا تھا ۔فیڈرل فارسٹری بورڈ میں تمام نمائندگان شامل ہونگے اور اس کے اہداف میں ملک بھر میں دس ارب درخت لگانے کا منصوبہ بھی شامل ہوگا تاکہ اس منصوبے پر عملدرآمد پورے ملک میں یکساں طور پر یقینی بنایا جاسکے ۔درخت اُگانے کی اس ملک گیر مہم میں ایک اہم پلیٹ فارم تصور ہو گا۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی نے اس ضمن میں باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے جو کہ اس امر کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ حکومت وزیراعظم کے وژن ’’ سرسبز و شاداب پاکستان ‘‘ پر عمل درآمد کے لئے کس قدر پرُ عزم ہے ۔

مزیدخبریں