ن لیگ نے جنوبی پنجاب کے فنڈز لاہور لگاکر خطے کی محرومیوں میں اضافہ کیا: یاسمین راشد
ملتان (وقائع نگار) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ ملک کی 45 فیصد آبادی غربت کی لائن سے نیچے زندگی گزار رہی ہے۔ 2 ڈالر سے کم روزانہ کی آمدن والے افراد کے لئے صوبہ بھر میں ہیلتھ کارڈ جاری کر رہے ہیں۔ ان ہیلتھ کارڈ کی مدد سے غریب‘ پسماندہ لوگ نجی اور سرکاری ہسپتالوں میں اپنا علاج کروا سکیں گے۔ نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سابقہ حکومت نے جنوبی پنجاب کے فنڈز یہاں سے نکال کر لاہور میں لگا کر اس خطے کی محرومیوں میں اضافہ کیا ہے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے نزدیک پورا پنجاب برابر کے حقوق رکھتا ہے۔ ہماری حکومت کی کوشش ہے کہ جنوبی پنجاب کی محرومیاں دورکر دیں۔ میرا ملتان کا دورہ اس سلسلے کی کڑی ہے۔ صوبہ بھر کے تمام ہسپتالوں کی حالت مرحلہ وار درست کریں گے۔ 100 دن کے پروگرام میں پہلی ترجیح صوبہ بھر کے 36 اضلاع کے ہسپتالوں کی ایمرجنسیوں کی حالت کو درست کرنا ہے تاکہ ہسپتال کے لئے علاج میں سب سے بنیادی جگہ ایمرجنسی ہے۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ اگر سابقہ حکومت عوامی وسائل کو منصفانہ طریقے سے خرچ کرتی تو صوبہ کے ہسپتالوں کی یہ صورتحال نہ ہوتی جو آج دیکھنے میں آ رہی ہے۔ ہیلتھ پالیسی بنا رہے ہیں تاکہ آنے والے پانچ سے دس سال تک ایک بہترین شعبہ صحت قائم کر سکیں اور عام آدمی کی حالت زار خصوصاً علاج کی سہولیات میں بہتری لائی جا سکے۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ڈاکٹر ہونے کے ناطے اس شعبے کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں۔ کوشش ہو گی کہ آئندہ جنوبی پنجاب کے عوام کو نظرانداز نہ ہونے دیا جائے اور ان کے حقوق اپر پنجاب کے برابر ہوں۔ تمام میڈیکل کالجز میں میڈیا کو آگاہی دینے اور مسائل کے حل پر بات چیت کے لئے ایک کمرہ مختص کریں گے جہاں فوکل پرسن میڈیا کے ساتھ باہم رابطے میں ہو گا تاکہ میڈیا کے ساتھ اچھے تعلقات قائم ہو سکیں۔