تین ملکی ڈیف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے 14 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن نے ڈھاکہ میں کھیلی جانے والی تین ملکی ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے 14 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ ایم قمر نوید ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دینگے۔ سہ فریقی سیریز میں پاکستان کے علاوہ میزبان بنگلہ دیش اور بھارت کی ٹیمیں شامل ہیں۔ پاکستان ڈیف ٹیم 13 ستمبر کو لاہور سے ڈھاکہ کے لیے روانہ ہوگی۔ پاکستان ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے اعلان کردہ قومی سکواڈ میں ایم قمر نوید (کپتان)، ذکا احمد، بلال یوسف، سہیل احمد، عاصم شبیر، جبار علی، مدثر نذیر، محمد وقاص، نعیم ارشد، ایم ولید اسلم، اعجاز احمد، عثمان امیر، گوہر عثمان اور بلال طارق شامل ہیں۔ قومی ڈیف ٹیم کے ساتھ پانچ آفیشلز بھی ٹیم کے ساتھ جائیں گے جن میں سلمان ظہیر (صدر پاکستان ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن)، سیکرٹری عطا الرحمان، اشتیاق احمد منیجر، عمر فیاض ہیڈ کوچ جبکہ تنویر احمد فزیوتھراپسٹ شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ کی تیاری کے لیے پاکستان ڈیف ٹیم کا تربیتی کیمپ علیم ڈار کرکٹ اکیڈمی میں جاری ہے۔ سہ فریقی سیریز میں پاکستان ڈیف ٹیم اپنا پہلا میچ 14 ستمبر کو میزبان بنگلہ دیش ڈیف ٹیم کے ساتھ مد مقابل ہوگی۔ 15 ستمبر کو پاکستان اور روایتی حریف بھارت کی ٹیموں کے درمیان میچ کھیلا جائیگا۔ پاکستان کا تیسرا میچ 17 ستمبر کو بھارت کے خلاف جبکہ لیگ مرحلے کا چوتھا آخری میچ 19 ستمبر کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی۔ سہ فریقی سیریز کا فائنل 21 ستمبر کو کھیلا جائیگا جبکہ پاکستان ڈیف ٹیم 22 ستمبر کو پاکستان واپس آئے گی۔