
لاہور (خصوصی رپورٹر) بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کا 64 واں یوم وفات آج 11 ستمبر بروز منگل کو ملک بھر میں انتہائی عقیدت و احترام اور ملی جذبے سے منایا جائے گا۔ اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں مختلف سیاسی و سماجی جماعتوں کے زیر اہتمام تقاریب، سیمینارز، کانفرنسز اور پروگراموں کا اہتمام کیا جائے گا۔ جن میں مقررین اور سیاسی رہنما بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی زندگی، تحریک پاکستان کے دوران انکی بے پناہ ولولہ انگیز جدوجہد اور قائدانہ کردار اور پاکستان کے لئے انکی لازوال خدمات پر روشنی ڈالیں گے اور انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کریں گے۔ قائداعظمؒ کے مزار پر سیاسی سماجی رہنما اور عوام حاضری دیکر ان کی مغفرت کیلئے دعا کریں گے۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے قائداعظمؒ کے یوم وفات پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش سنگین داخلی و خارجی مسائل میں آج بھی قائداعظم محمد علی جناح ؒ کے افکار و نظریات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ ہم داخلی سطح پر مختلف مسائل سے دوچار ہیں۔ قومی یکجہتی کی بجائے علاقائی، نسلی و لسانی تعصبات کو ہوا دینے کی کوشش کی جا رہی ہے اور مزید افسوسناک بات یہ کہ وقتی سیاسی و جماعتی مفادات کے لئے یہ کھیل حکومت کی جانب سے کھیلا جا رہا ہے، عدلیہ کے فیصلوں سے روگردانی اور ججوں کی تضحیک و توہین معمول بن گئی ہے، عام آدمی کے لئے دو وقت پیٹ بھرنا دوبھر ہوگیا ہے، عوام جلد از جلد عام انتخابات چاہتے ہیں تاکہ وہ اپنے ووٹ کے ذریعے نااہل اور بددیانت حکمرانوں سے نجات حاصل کرسکیں لیکن مختلف حیلوں اور حربوں سے انتخابات کو ٹالنے کے منصوبے بنائے جا رہے ہیں، ایسے میں قائداعظمؒ کے افکار و نظریات اور کردار و عمل کو راہنما بنا کر ہی ہم ان تمام مسائل سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔ قائداعظمؒ کے یوم وفات پر ہم خوشحال، خود دار اور خودمختار پاکستان کے لئے جدوجہد کو تیز تر کرنے کے عہد کی تجدید کرتے ہیں جو حضرت قائداعظمؒ کی زیرقیادت مسلم لیگ اور برصغیر کے کروڑوں مسلمانوں کا خواب تھا۔
یوم وفات