محسن پاکستان کا انتقال ، ملک کا ناقابل تلافی نقصان نواز لیگ پیپلز پارٹی
کراچی(نیوز رپورٹر) ملک کے مایہ ناز سائنسدان محسن پاکستان ایٹمی پروگرام کے خالق ڈاکٹر عبد القدیر خان کے انتقال پر مسلم لیگ(ن)‘ قائد اعظم لیگ اور پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے تعزیت کرتے ہوئے ان کے انتقال کو قومی سانحہ قرار دیا ہے۔ مسلم لیگ(ن) کے سنیئر رہنما لیبر ونگ سندھ کے صدر سید منور رضا نے کہا کہ ڈاکٹر عبد القدیر خان کی ملک و قوم کے لئے خدمات کو بھلایا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے ایٹم بناکر ملک کودنیائے اسلام کا پہلا ایٹمی ملک بنانے کا اعزاز ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ مسلم لیگ(ن) سکھر کے سابق ضلعی صدر سردار شہزاد عاصی اور سابق ضلعی جنرل سیکرٹری دلاور خان نے کہا کہ ڈاکٹر قدیر خان آج ہم میں نہیں رہے مگر ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائینگی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر قدیر کی زندگی میں انہیں وہ مقام نہیں ملا جس کے وہ مستحق تھے وہ محسن پاکستان ہیں۔ مسلم لیگ(ن) کراچی ڈویژن شعبہ انفارمیشن کے رہنما رانا محمد انجم نے کہا کہ ڈاکٹر قدیر خان نے نواز دور میں ایٹمی دھماکے کرکے ملک کو ناقابل تسخیر بنادیا۔ المیہ یہ ہے کہ ہمارے ملک میں محسن پاکستان کی ہمیشہ بے توقیر کی گئی۔ ایک محسن پاکستان میاں نوازشریف ملک بدر ہے جبکہ دوسرے محسن پاکستان ڈاکٹر قدیر خان کو گھر میں نظربند کرکے ان کی تذلیل کی گئی۔ مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر اور شہباز سیکرٹریٹ بلدیہ ٹائون ضلع کیماڑی کے انچارج خواجہ غلام شعیب نے کہا کہ ڈاکٹر اے کیو خان پاکستان کی آن‘ بان اور شان تھے۔ انہوں نے ملک و قوم کے لئے وہ کام کر دکھائے جو آج تک کوئی دوسرا نہ کرسکا۔ ان کی خدمات تاقیامت یاد رکھی جائینگی۔ ڈاکٹر قدیر خان کا نام ملک کی تاریخ میں ہمیشہ سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔ محسن پاکستان کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر سابق وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میر چنگیز خان جمالی نے کہا کہ محسن پاکستان ڈاکٹر عبد القدیر کا انتقال ملک اور قوم کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے والے قومی ہیرو کی وفات پر پوری قوم سوگوار ہے انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبد القدیر خان کو قوم ہمیشہ قومی ہیرو کے نام سے یاد رکھے گی قوم ڈاکٹر عبد القدیر خان کی ملک کی خاطر دی جانے والی خدمات اور احسانات کو کبھی فراموش نہیں کر سکے گی۔ مسلم لیگ (ق) سندھ کے صدر طارق حسن نے کہا ہے کہ محسن پاکستان ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا قومی ہیرو تھے انکی خدمات کے سبب پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہوگیا پاکستان مسلم لیگ (ق) سندھ کے جنرل سیکرٹیری کنورارشد علی خان نے کہا ہے کہ ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی قربانیوں و بے لوث جدوجہد کو کبھی فراموش نہیں کیا جائیگا صوبائی انفارمیشن سیکرٹیری محمد صادق شیخ نے کہا کہ پوری قوم قومی ہیرو محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو خراج عقیدت پیشں کرتی ہے۔پیپلز پارٹی بلوچستان کے سابق صوبائی صدر اور سابق صوبائی وزیر میر محمد صادق عمرانی کا ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر شدید دکھ و افسوس کا اظہار انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر محسنِ پاکستان ہیں، ایٹمی پروگرام دیکر جو انہوں نے قوم پر احسان کیا وہ ہمیشہ یاد رکھا جائیگا، ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی ملک اور قوم کے لئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان جیسے لوگ صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں، وہ ہمارے ملک کا بڑا اثاثہ تھے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی ملک کے جوہری پروگرام میں اہم خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماء انجینئر سلمان خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور عالم اسلام کا قابل فخر سپوت ڈاکٹر عبدالقدیر خان آج ہم میں نہیں رہا لیکن اُن کی یاد اور ملک کی مضبوطی ناقابل شکست دیوار ایٹم بم کی شکل میں موجود ہیں اور پاکستان کو ناقابل تسخیر بنادیا۔ انہو ں نے مزید کہا کہ پاکستان کے ازلی دشمن بھارت کو پیغام دینے والا اور اُسکی اوقات بتانے والا آج اپنے خالق حقیقی کے حضور پہنچ گیالیکن اُس کا پُر خلوص اور طاقتور اور خطے کے عمل کیلئے ملک و قوم کی حفاظت کے لئے ایٹم بم کا تحفہ دے دیا۔ جس سے امن دشمن بھارت اور پاکستان دشمنوں کو سانپ سونگھ گیا اور زندہ قومیں اپنے محسنوں کو بھلاتے نہیں وہ ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ و جاوید رہیں گے ۔ اللہ تعالیٰ اُن کی مغفرت اور اعلیٰ درجات عطا فرمائے ۔
محسن پاکستان