دہشتگردی کی مالی اعانت پر کالعدم تنظیموں کے 4 سرکردہ رہنما گرفتار
لاہور (نامہ نگار/ خصوصی نامہ نگار) سی ٹی ڈی پنجاب نے دہشت گرد کی مالی اعانت کے جرم میں کالعدم جماعت الدعوہ اور لشکر طیبہ کے4سرکردہ رہنماؤں کو گرفتارکر لیا ہے۔ جن میں پروفیسر ظفر اقبال، یحییٰ عزیز، محمد اشرف اور عبد السلام شامل ہیں۔ سی ٹی ڈی پنجاب ترجمان کے مطابق ملزموں نے دہشت گردی کی مالی اعانت کے ذریعے جمع کی گئی رقوم سے اثاثے بنائے تھے اور مزید رقوم اکٹھی کرنے کے لئے بھی ان اثاثوں کا استعمال کیا۔ ملزمان نے الانفال ٹرسٹ تشکیل دیا تھا۔ حکومت نے ان کی جائیدادیں پہلے ہی منجمد کردی ہیں۔ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد میں ان کی گرفتاری ایک بڑی کامیابی ہے۔ واضح رہے کہ الانفال ٹرسٹ نے مختلف شہروں میں زمین خرید کر مساجد کی تعمیر کا کام کیا ہے۔ چند ماہ قبل جماعۃ الدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید کو جب گرفتار کیا گیا تو ان پر بھی یہی مقدمہ بنایا گیا۔ حافظ محمد سعد کی طرح ان چار رہنماؤں کو بھی اقوام متحدہ کی سلامتی کمیٹی کی قرار داد 1267 کے تحت گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کو انسداد دہشت گردی میں پیش کیا جائے۔