سر‘ دماغ میں چوٹ کا نشتر ایمرجنسی میں موقع پر آپریشن ہو گا: وائس چانسلر
ملتان (وقائع نگار) سر اور دماغی چوٹ کے مریضوں کا نشتر ہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی کے تھیٹر میں موقع پر آپریشن کیا جائے گا۔ وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی نے وارڈ نمبر 14 شعبہ دماغی امراض کے حالات بہتر کرنے پر نوٹس لے لیا ہے۔ گزشتہ روز وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مصطفی کمال پاشا کی زیر صدارت کمیٹی روم میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وارڈ نمبر 14 کے انچارج پروفیسر ڈاکٹر عامر داؤد سمیت پروفیسر آف انتھیزیا ڈاکٹر منیر چودھری اور دونوں وارڈز کے سینئر ڈاکٹر شریک ہوئے۔ وائس چانسلر نے نیورو ٹراما یونٹ کو مکمل فعال کرنے اور تمام سرجیکل آلات اور ادویات کی کمی دور کرنے کے احکامات دئے۔ وائس چانسلر نے دونوں شعبہ جات نیورو اور انتھیزیا کے عملہ کو تمام صلاحیتیں مریضوں کے لئے وقف کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور ایمرجنسی تھیٹر میں سرچوٹ کے مریضوں کے آپریشن کرنے کے احکامات دئے۔