آف سپنر عبدالرحمان نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا
لاہور ( اسپورٹس رپورٹر ) آف سپنر عبدالرحمان نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیاتاہم وہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنے محکمے حبیب بینک کی طرف سے بدستورکھیلتے رہیں گے۔ 2014 میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں عبدالرحمان نے آخری بار قومی ٹیم کی نمائندگی کی تھی، ٹیسٹ سپنرعبدالرحمان نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے سے پی سی بی حکام کو آگاہ کر دیا ہے ۔قذافی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک مشکل فیصلہ تھا، لیکن ہر کرکٹر کو یہ فئصلہ کرنا ہوتا ہے، چار سال سے ٹیم سے باہر تھا، اب واپسی کا بھی کوئی چانس نہیں لگ رہا تھا جس پر مناسب یہ ہی سمجھا کہ باقاعدہ طورپرریٹائرمنٹ کا اعلان کردوں۔ اب سارافوکس فرسٹ کلاس کرکٹ اور لیگ کرکٹ پر مرکوز کروں گا۔اپنے والدین اور اہلیہ کے بعد شاہد آفریدی اور مصباح الحق کا بہت شکرگزار ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا اور بھر پورسپورٹ کیا۔ پاکستان کی نمائندگی پر فخر ہے، ملک نے بہت عزت اور نام دیا۔ 2011- 12 کی سیریز میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں 11 گیندوں پر 5 وکٹ لینے کا ریکارڈ قائم کرنے والے عبدالرحمان نے ساتھی کرکٹرز کا بھی شکریہ ادارکیا اور کہا کہ سعید اجمل کے ساتھ بہت اچھا ساتھ رہا، جب ایک اینڈ سے وہ اور دوسرے اینڈ سے بولنگ کرتاتھا تو بہت مزہ آتا تھا۔ خواہش تھی کہ ایک ٹیسٹ اور کھیلنے کا موقع ملتا تو وکٹوں کی سنچری ضرور بنانیمیں کامیاب رہتا لیکن قسمت میں ایسا نہیں تھا۔