وزیراعظم عمران خان سے آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے ملاقات کی جس میں دونوں رہنمائوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی بربریت کی سخت مذمت کی۔ وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی، عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ کشمیریوں کے جذبے بلند ہیں، حکومت پاکستان کے مسئلہ کشمیر پر بھرپور موقف سے کشمیریوں کو حوصلہ ملا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارتی قیادت خطے میں بڑے چیلنج کو سمجھنے سے قاصر ہے۔
پاکستان اور آزاد کشمیر میں متحارب پارٹیوں کی حکومتیں ہیں۔ روایتاً قومی ایشوز پر بھی یکجہتی اور ہم آہنگی کا فقدان نظر آیا ہے مگر وزیراعظم آزاد کشمیر کی عمران خان سے ملاقات خوشگوار رہی جس میں عمران خان نے آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور راجہ فاروق حیدر نے بھی کشمیر کے حوالے سے حکومت کے دوٹوک مؤقف کو سراہا۔ دونوں حکومتوں کے مابین یکجہتی کی فضا کشمیر کاز کے لئے مزید بہتری کا سبب بنے گی۔ یو این جنرل اسمبلی میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے جرأت مندانہ خطاب نے بھارت کا دہشتگردی کا چہرہ اقوام عالم کے سامنے بے نقاب کر دیا۔ وزیراعظم عمران خان بھی مسئلہ کشمیرپر بے لاگ بات کرتے ہیں جس سے آزادی کی جدوجہد کرنے والے کشمیری مطمئن ہیں اور بھارت کے انسانی حقوق کی بدترین پامالی سے متعلق حقائق بھی دنیا کے سامنے آ رہے ہیں۔ عمران خان کا یہ بیان عالمی برادری کے لئے لمحہ فکریہ ہوناچاہئے کہ بھارتی قیادت خطے میں بڑے چیلنج کو سمجھنے سے قاصر ہے۔ خطے کا بڑا چیلنج بدامنی، غربت اور افلاس ہے۔ بھارت کی اس طرف توجہ نہیں۔ وہ کسی بھی صورت کشمیر پر قبضہ مضبوط تر بنانا چاہتا ہے مگر اب کشمیریوں کی قربانیوں اور پاکستان کے اخلاقی و سفارتی تعاون کے باعث کشمیرکی آزادی کی منزل قریب آ رہی ہے۔
"ـکب ٹھہرے گا درد اے دل"
Mar 27, 2024