بدین: ہندو نوجوان بھورو بھیل کی نعش کی بے حرمتی کیخلاف احتجاجی مظاہرے
کراچی (بی بی سی) سندھ کے ضلع بدین میں ہندو نوجوان کی قبر کھود کر لاش کی بے حرمتی کے واقعے کے خلاف مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے ہیں۔ یہ واقعہ گزشتہ اتوار کو پنگریو نامی شہر میں پیش آیا تھا جب مقامی مذہبی جماعتوں نے حاجی فقیر قبرستان میں بھورو بھیل نامی نوجوان کی تدفین کے خلاف ہڑتال کی تھی۔ ہڑتال کے دوران ایک احتجاجی جلوس بھی نکالا گیا جس میں شامل نوجوان قبرستان پہنچے تھے اور قبر کھود کے بھورو بھیل کی لاش نکال لی تھی۔ چشم دید گواہوں کے مطابق لاش کو قبر سے نکال کر گھسیٹا گیا اور ویران علاقے میں پھینک دیا گیا اور بعد میں لواحقین نے دوسرے مقام پر ان کی تدفین کی۔ کراچی میں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سیاسی اور سماجی تنظیموں کے رہنماؤں کا کہنا تھا بھورو بھیل کی لاش کئی گھنٹے کھلے میدان میں پڑی رہی اور نہ صرف مقامی پولیس نے مشتعل افراد کو قبر کھودنے سے نہیں روکا بلکہ اس کی دوبارہ تدفین کی بھی ہمت نہیں کی۔ادھر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔