وزارت پانی و بجلی نے بھاشا دیامیرڈیم منصوبے کی فنانسنگ کےحوالےسے اقتصادی امور ڈویژن اور واپڈا کو تفصیلی رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزارت پانی وبجلی کے حکام کے حکام کے مطابق وفاقی وزیر پانی و بجلی احمد مختار کی زیر صدارت اجلاس میں بھاشا دیامیر ڈیم کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔وفاقی وزیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پانی و بجلی کے شعبے میں تمام میگا پراجیکٹس پر کام کرنے میں سنجیدہ ہے اور اس حوالے سے فنڈز کی فراہمی یقینی بنانے کےلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ بھاشا دیامیر ڈیم کی تعمیر سے ملک کی اقتصادای اور معاشی حالت پر مثبت نتائج مرتب ہونگے، منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہو گا بلکہ سستی بجلی بھی پیدا کی جا سکے گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ اقتصادی امور ڈویژن اور واپڈا منصوبے کی فنانسنگ کے حوالے سے جلد رپورٹ وزارت پانی وبجلی کو دیں۔اجلاس میں بریفنگ کے دوران واپڈا حکام نے بتایا کہ منصوبے کےلئے انفراسٹرکچر کی تعمیر کا پینتیس فیصد کام مکمل کر لیا گیا۔