ساتھیوں کے قتل، تشدد کیخلاف لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈاکٹروں کی ہڑتال
لاہور/ کوئٹہ/گوجرانوالہ (کامرس رپورٹر/ بیورو رپورٹ/نمائندہ خصوصی) ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے کوئٹہ میں ڈاکٹر کے قتل، ملتان میں ڈاکٹر پر تشدد کے خلاف پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں ایک روزہ ہڑتال کی گئی اور آﺅٹ ڈورز بند رکھے گئے اور تشدد کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ جس سے ہزاروں مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ جس پر وہ ڈاکٹروں کو بددعائیں دیتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے گزشتہ روز پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں ہڑتال اور احتجاج کیا گیا اس حوالے سے صوبائی دارالحکومت کے ہسپتالوں گنگارام ہسپتال، لاہور جنرل ہسپتال، چلڈرن ہسپتال، جناح ہسپتال، سروسز ہسپتال، میوہسپتال سمیت دیگر ہسپتالوں کے آﺅٹ ڈورز مکمل طور پر بند رکھے گئے اور ڈاکٹرز کی جانب سے احتجاج بھی کیا گیا تھا۔ ینگ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں میں سکیورٹی نام کی کوئی چیز موجود نہیں ہے جبکہ ڈاکٹرز کو دیگر مسائل کا بھی سامنا ہے۔ دوسری جانب ینگ ڈاکٹرز نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے اور اس حوالے سے کہا ہے کہ آج تمام ہسپتالوں کے آوٹ ڈورز معمول کے مطابق کھلیں گے۔ بلوچستان کے اضلاع خضدار اور مستونگ میں دو مسیحاﺅں کو ہدف بناکر قتل کرنے کے واقعہ کے خلاف کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی ہڑتال دوسرے روز بھی جاری رہی او پی ڈیز اور آپریشن تھیٹرز بند ہیں جس کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گوجرانوالہ میں ینگ ڈاکٹرز نے ملتان میں ساتھی ڈاکٹروں کے ساتھ ہو نے والی غنڈہ گردی کیخلاف ریجن بھر کے ڈسٹرکٹ ہسپتالوں تحصیل ہیڈکوارٹرز اور رورل ہیلتھ سنٹرز کے آﺅٹ ڈور احتجاجاً بند کر دئیے، چیک اپ کیلئے آنیوالے مریض خوار ہوتے رہے۔