اسلام آباد(نا مہ نگار)جنرل سیکرٹری وفاق المدارس مولانا محمد حنیف جالندھری نے حکومت کی طرف سے سود کے حوالے سے دائر کردہ اپیل کی واپسی اورسودی بینکاری کے خاتمے کے اعلان کو خوش آئند قرار دیا- انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا اعلان خوش آئند ہے لیکن صرف اعلانات کافی نہیں عملی اقدامات کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم توقع رکھتے ہیں کہ حکومت فوری طور پر بلاسود بینکاری کے لیے موثر اور سنجیدہ اقدامات اٹھائے گی-مولاناجالندھری نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ صدق دل سے سود سے توبہ بھی کی جائے اور سودی معیشت سے نجات حاصل کرنے کے لیے پوری یکسوئی اور سنجیدگی سے محنت کی جائے- مولانا جالندھری نے مطالبہ کیا کہ پاکستان شریعت کورٹ کی طرف سے دی گء مدت کے اندر اندر پاکستانی معیشت کی تطہیر کو یقینی بنایا جائے- مولانا جالندھری نے اس توقع کا بھی اظہار کیا کہ صرف سرکاری طور پر ہی نہیں بلکہ اسٹیٹ بینک اور حکومت اپنا اثر ورسوخ اور اختیارات استعمال کرتے ہوئے باقی بینکوں سے بھی اپیلیں واپس کروائیں گے۔
مولانا حنیف جالندھری
حکومت فوری بلاسود بینکاری کیلئے مؤثر ا قدامات کرے: حنیف جالندھری
Nov 11, 2022