صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال سے گزشتہ روز سول سیکرٹریٹ میں تاجر تنظیموں کے نمائندوں نے ملاقات کی
لاہور (کامرس رپورٹر )صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال سے گزشتہ روز سول سیکرٹریٹ میں تاجر تنظیموں کے نمائندوں نے ملاقات کی۔ جس میں مارکیٹوں میں کرونا ایس او پیز اور مارکیٹوں کے اوقات کار پر مشاورت ہوئی۔تمام تاجر تنظیموں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ حکومت مارکیٹوں سے تجاوزات کا خاتمہ کرائے۔ تاجر تنظیموں کا کہنا تھا کہ حکومتی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کریں گے تاہم کاروبار بند نہیں ہونے چاہیے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم نے تاجر تنظیموں نے نمائندوں سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پیشگی اقدامات کرکے کرونا کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔ تاجر تنظیمیں مارکیٹوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ تاجراور دکانوں پر عملہ ماسک پہنیں اور ماسک کے بغیر کسی صارف کو خدمات فراہم نہ کی جائیں۔ خدانخواستہ کرونا پھیلا تو حکومت سخت اقدامات اُٹھانے پر مجبور ہوگی۔اگر کسی مارکیٹ میں کرونا ایس و پیز کی خلاف ورزی ہوئی تو اسے بند کر دیا جائے گا۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ کل سے ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے مارکیٹوں کے دورے کروں گا۔ حکومت تجارتی سرگرمیاں بند نہیں کرنا چاہتی تاہم تاجر تنظیمیں حفاظتی اقداما ت اختیار کریں۔کاروبار کا پہیہ چلے گا تو معیشت بھی پھلے پھولے گی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہا کہ تاجروں نے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے بنائی گئی کمیٹیوں میں تاجر تنظیموں کے نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔ مارکیٹوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے انتظامیہ بھی ذمہ دار ہوگی۔ اُنہوں نے کہا کہ تمام مارکیٹوں میں تجاوزات کے بلا امتیاز خاتمے کیلئے انتظامیہ کو ہدایات کر دی گئی ہیں۔ میرج ہالز کھولنے کے حوالے سے پنجاب حکومت نے سفارشات تیار کر لی ہیں۔جس شادی ہال نے ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کیا تو اُسے سیل کر دیا جائے گا۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہا کہ ہوٹل اور ریسٹورنٹس حکومت کے دئیے گئے اوقات کار پر عملدآمد کے پابند ہیں۔اس موقع پر سیکرٹری صنعت و تجارت واصف خورشید، مرکزی تنظیم تاجرانِ پاکستان کے سرپرست اعلیٰ آغاذوالفقار احمد، صدر آل پاکستان انجمن تاجران خالد پرویز، صدرتحریک انصاف ٹریڈرز ونگز سینٹرل پنجاب حاجی محمد خالد، تحریک انصاف ٹریڈرز ونگ پاکستان کے صدر حاجی طاہر نوید، صدر تحریک انصاف ٹریڈرز ونگ لاہور میاں طارق فیروز اور دیگرتنظیموں کے عہدیداران مو جود تھے۔