بولیویا کے صدر مستعفی، ملک کو مزید انتشار سے بچانے کے لئے جا رہا ہوں، ایوو مورالز

بولیویا کے صدر ایوو مورالز نے متنازعہ انتخابات کے خلاف ملک گیر پرتشدد مظاہروں کے باعث اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ٹیلی وژن پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ملک کو مزید انتشار سے بچانے کے لئے مستعفی ہو رہے ہیں۔ صدرایوو مورالز جو گزشتہ 14 سالوں سے برسر اقتدار ہیں ،نے کہا کہ وہ ملک میں استحکام چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری حکومت کا تختہ الٹنے اور مجھے گرفتار کئے جانے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ بولیویا کے عوام کو امن دینا میری ذمہ داری ہے ملک کے مفاد کی خاطر میں نے اپنا استعفیٰ قانون ساز اسمبلی کو پیش کردیا ہے۔ بعد ازاں اپنے ٹویٹر پیغام میں انہوں نے کہا بولیویا کی پولیس نے میری گرفتاری کے لئے غیر قانونی وارنٹ جاری کیا ہے اور میری رہائش گاہ پر مسلح حملہ آوروں نے حملہ کیا ہے ۔تاہم بولیویا کی پولیس کے سربراہ نے ان کی گرفتاری سے متعلق وارنٹ کی تردید کی ہے۔