نیب آئندہ ماہ منی لانڈرنگ میگا اسکینڈل کا ریفرنس دا ئر کرے گا
کراچی(وقا ئع نگار)قومی احتساب بیورو (نیب) اگلے ماہ منی لانڈرنگ میگا اسکینڈل جس کا حجم اب تک 1400ارب روپے تک پہنچ گیا ہے جس کا ریفرنس دائر کرے گا جبکہ اسکینڈل کی تمام تر تحقیقات ایف آئی اے افسران نے کی ہیں،ماضی میں بھی ایساہوتا رہا ہے،1999 کے بعد کئی اہم مقدمات جن میں بشمول نواز شریف ہیلی کاپٹر، دو سابق نیول چیف اور بے شمار تحقیقات شامل تھیں، ان کی تفتیش تو ایف آئی اے افسران نے کی مگر کیونکہ نیب اس وقت نو تشکیل شدہ ایجنسی تھی اس لیے ریفرنس تو نیب نے دائر کیے مگر اس کے تحقیقاتی افسر ایف آئی اے کے ہی رہے۔ اب بھی اس میگا اسکینڈل میں ریفرنس نیب ہی دائر کرے گا مگر اس کے تفتیشی افسر اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد علی ابڑو ہی رہیں گے جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے بعد مقدمہ درج کیا جس میں حسین لوائی، انور مجید، غنی مجید اور طحہ رضا کی گرفتاریاں ہوئیں اور کئی نامزد ملزمان جن میں آصف زرداری اور فریال تالپور شامل ہیں وہ ضمانتوں پر ہیں۔ مذکورہ تفتیش کے ابتدائی ایام کے بعد اس اسکینڈل کا حجم بڑھتا رہا اور اب ذرائع کے مطابق یہ اب تک 1400ارب تک پہنچ گیا ہے۔ اس میگا اسکینڈل اور جعلی اکاونٹس کے حوالے سے گزشتہ کئی ماہ سے جب سے جے آئی ٹی تحقیقات کررہی ہے یہ مختلف غریب لوگوں کے اکاونٹس میں اربوں روپے ٹرانسفر اور نکالے گئے اور ساتھ ہی حکومت سندھ کے بڑے ٹھیکوں اور مبینہ کرپشن کے کیسز سامنے آئے ہیں جس میں حکومت سندھ کے سیاسی رہنما اور سرکاری افسران پر بھی شکوک و شبہات کا انکشاف ہوا ہے۔