ظالموں کو حق کی طرف کھینچ کر لاتے رہو، شریعت کے مظا بق خود کو بدلنے سے تبدیلی آئیگی
رائے ونڈ (نامہ نگار) عالمی تبلیغی اجتماع کے دوسرے مر حلہ کے تیسرے روز پنڈال میں 5لاکھ کے قریب فرزندان اسلام کو بعد نماز فجر مولانا اسماعیل اور بعد نماز ظہربنگلہ دیشی مولانا عبدالمتین اور مولانا زبیر الحسن نے اپنے بیان میں کہا کہ جو شخص نبی کریم ﷺکا کامل متبع ہو وہ حقیقی اللہ والا اور جوشخص اتباع سنت سے جس قدر دور ہو وہ قرب الٰہی سے بھی دور ہے، اللہ تعالیٰ نے انسان کو پید ا کیاہے، اپنے احکامات کی پابندی کرنے اور اسکو آگے پھیلانے کے لیے انسان اشرف المخلوقات میں سے ہے، اپنے قول وفعل کا خود مختار ہے، دنیا میں اگر حلال کما کر خود اوربچوں کو کھلائے گا اوراللہ تعالیٰ کے دین اور محمد ﷺ کے بتائے ہوئے راستوں پر چلے گا تو جنت اسکا مقدر ہوگا ،اگر دنیا میں غفلت کے سبب گناہوں کی دلدل میں دن بدن پھنستا گیا تو جہنم کی آگ میں جلنا نصیب ہوگا ،جہنم کی آگ سے چھٹکارہ، گناہوں سے توبہ، برے کاموں سے نجات لاالہ الاللہ کے ذکر میں ہے، خود بھی یہ کلمہ پڑھو اور دوسروں کو بھی پڑھاؤارشاد نبویؐ ہے کہ ایک جماعت کے لوگ جو اخلاص سے رب العزت کی یاد میں وقت گزارتے ہیں انکے لیے اللہ تعالی کی طرف سے ندا آئے گی کہ میں نے تمہاری مغفرت کردی اور تمہاری برائیوں کو نیکیوں سے بدل دیا دوسری جگہ ارشاد نبوی ﷺ ہے کہ جس جماعت میں اللہ تعالیٰ کی یاد نہیں اور اس کے رسول ﷺ پر درود نہیں اس جماعت والوں کو قیامت کے دن پچھتاوے کے سوائے کچھ ہاتھ نہ آئے گا۔ انسان دنیا کی لگن میں اس قدر مشغول ہے اور آخرت کی فکر نہیں ،دنیا میں اس قدر مال بنانے کی ہوس کیوں،قبر میں جب منکر نکیر سوال کریں گے تو کیا جواب دے گا۔ آخرت کی زندگی ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ہے، ظالموں کو ظلم سے روکتے رہو اور حق بات کی طرف کھینچ کرلاتے رہو، تمہارے قلوب بھی اسی طرح غلط کردیئے جائیں گے جس طرح ان ظالموں کے کردیئے گئے ہیں، تم بہترین امت ہو لوگوں کے نفع رسانی کے لیے نکالے گئے ہو،تم لوگ نیک کام کا حکم کرتے رہو اور برے کاموں سے روکتے رہواوراللہ تعالیٰ پر ایمان رکھتے رہو ،تبلیغی مرکز پاکستان کے علاوہ دنیا بھرمیں سب سے بڑی دین سیکھنے اورسکھانے کی درسگاہ ہے۔ زندگی فانی ہے اس پر ایک سیکنڈکا بھی بھروسہ نہیں ہے، دین سیکھنے میں پہل کرنے والوںکے لیے اللہ تعالیٰ نے جنت کی بشارت دی ہے، شہر قصبوں گاؤں گاؤں اور گلی محلوں میں پھیل جاؤ۔ شریعت اسلامیہ کے مطابق اپنے اندر کو بدلنے سے تبدیلی آئے گی ،اللہ بھی اس قوم کی حالت کو کبھی نہیں بدلتے جسے اپنی حالت بدلنے کا خود خیال نہ ہو،دین اسلام کی سربلندی اور اپنے اعمال کی درستگی کیلئے ہمیں اپنی زندگیوں کو بدلنا ہوگا ،دعوت و تبلیغ کے عظیم مشن زندگیوں میں انقلاب لانے کا ایک ذریعہ ہے۔ آج اتوار بعد ازنماز فجر مولانا محمد خورشید مندوبین کو ہدایات جاری کریں گے اور بعدازاں تقریباً 08سے09 کے درمیان مولانا محمد ابراہیم اجتماعی دعا کرائیں گے۔