تاجر اتفاق گروپ منتخب ہوکر تاجروں کے مسائل حل کرے گا
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) انجمن تاجران تاجر اتفاق انصاف گروپ راجہ بازار کے تاجروں کی جانب سے الیکشن 2019-20کے سلسلے میں راجہ بازار کے تاجروں کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا عشائیے کا اہتمام امیدوار برائے صدر انجم پرویز بھٹی، جنرل سیکرٹری چوہدری سہیل، سینئر نائب صدر محمد اشرف بٹ، نائب صدر معظم مغل و دیگر نے کیا۔ اس موقع پر ممتاز تاجر رہنما شیخ محمد صدیق مشتاق راجہ، خواجہ جہانزیب، یار ولی و دیگر تاجروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شیخ صدیق، انجم پرویز بھٹی، معظم مغل و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راجہ بازار موجودہ یونین 16-17سالوں سے راجہ بازار پر قابض ہے۔ انہوں نے تاجروں کی فلاح و بہبود کیلئے کچھ نہیں کیا، تاجروں کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا۔ بلند و بانگ دعوؤں اور نعروں کے سوا کچھ نہیں دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم انشاء اﷲ تاجر اتفاق انصاف گروپ صحیح معنوں میں تاجر برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ ہمارا ماٹو صرف اور صرف راجہ بازار ے تاجروں کی خدمت ہے۔ تقریب کے اختتام پر تمام تاجروں کا شکریہ ادا کیا گیا۔