بعض قوتیں فاٹا انضمام کیخلاف اور مذموم مقاصد کیلئے لوگوں کو گمراہ کررہی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے ایسیٹ ریکوری یونٹ سے خطاب کے دوران بتایا کہ فاٹا کو قومی دھارے میں لاکر ملکی استحکام کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔
فاٹا انضمام قبائلی علاقوں کے لوگوں کی زندگیوں کو بدلنے اور ان میں واضح بہتری لانے کے مقصد کے پیش نظر جو اقدامات کئے جارہے ہیں وہ حکومت کی جانب سے ایک اچھا اقدام ہے لیکن بعض قوتیں فاٹا انضمام کیخلاف کام کررہی ہیں اور اپنے مذموم مقاصد کی خاطر لوگوں کو گمراہ کررہی ہیں۔ یہ قوتیں ہمارے دشمن بھارت کے ایجنڈے پر کام کررہی ہیں۔ یہ بڑی اچھی بات ہے کہ حکومت کی جانب سے انتظامی و دیگر اصلاحات کے عمل میں فاٹا کے لوگوں کیلئے ایسے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں تاکہ وہاں کے لوگوں کو پتہ چل سکے کہ یہ انضمام انکی بہتری کیلئے کیا گیا ہے اسی لئے وہاں ایسے افسران کو بھی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا جارہا ہے جن کی شہرت اچھی ہو اور ان میں عوام کی خدمت کا جذبہ ہو۔اسکے علاوہ این ایف سی ایوارڈ میں فاٹا کا حصہ دلانے کیلئے بھی فعال کردار ادا کیا جائیگا۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ فاٹا کے عوام کو حقیقی ریلیف ملنا ان کا استحقاق ہے‘ اس کا خیبر پی کے میں انضمام کرکے قومی دھارے میں لانے کی جانب عملی پیش رفت کی گئی ہے جو خوش آئند ہے۔ اس وقت ضرورت صرف مفاد پرست عناصر اور بھارتی ایجنٹوں کے عزائم کے توڑ کی ہے جو متعلقہ سیاسی جماعتوں کی قیادتوں کی قوت ارادی کا اصل امتحان ہے۔ ہمیں بہرصورت ملکی اور قومی مفادات کو ترجیح دینا ہے۔ امید کی جانی چاہیے کہ موجودہ حکومت کی جانب سے فاٹا انضمام کو صرف کاغذی کارروائی یا اعلان تک محدود نہیں رکھا جائیگا بلکہ اس پرمکمل عملدرآمد کرکے وہاں کے عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی جائیگی‘ فاٹا اصلاحاتی پیکیج پر کسی قسم کی مفاہمت نہیں کی جائیگی اور مخالف قوتوں کے ارادوں کو مل کر ناکام بنایا جائیگا۔ اس سے وہاں کے محب وطن عوام کے دل میں ملک کی محبت اجاگر ہوگی۔
بانی تحریکِ انصاف کو "جیل کی حقیقت" سمجھانے کی کوشش۔
Apr 19, 2024