آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے چار ملکی ٹورنامنٹ میں پاکستان ہاکی ٹیم اپنا تیسرا اور آخری لیگ میچ آج نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی
لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے چار ملکی ٹورنامنٹ میں پاکستان ہاکی ٹیم اپنا تیسرا اور آخری لیگ میچ آج نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔ اس سے قبل کھیلے جانے والے دونوں میچوں میں پاکستان ٹیم کو آسٹریلیا اور جاپان کے ہاتھوں شکستوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ پاکستان ٹیم کے کپتان محمد عرفان نے آسٹریلیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آسٹریلیا میں منعقد ہونے والے چار ملکی ٹورنامنٹ کوئی رینکنگ ٹورنامنٹ نہیں ہے۔ مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے چھ نئے جونیئر کھلاڑیوں کو اس ٹورنامنٹ میں آزمایا ہے تاکہ انہیں انٹرنیشنل میچز کا تجربہ حاصل ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ حال ہی میں ایشیا کپ میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی اچھی رہی تھی اور تیسری پوزیشن اس کا مقدر بنی تھی۔ ایشیا کپ کھیلنے والی ٹیم میں چھ تبدیلیاں کر کے قومی ٹیم کو آسٹریلیا بھجوایا گیا ہے۔ پہلے میچ میں پاکستانی کھلاڑی جو لمبا سفر کر کے آسٹریلیا پہنچے تھے ابھی اس ماحول میں ایڈجسٹ نہیں ہوئے پائے تھے جس کا میزبان تجربہ کار ٹیم نے فائدہ اٹھایا۔ آج نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں بہتر حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ اس میچ میں کامیابی حاصل کر کے اپنا ریکارڈ بہتر کیا جائے۔ ناقص کارکردگی کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ہمارے جونیئر کھلاڑیوں کو ابھی سینئر لیول کی ہاکی کا تجربہ نہیں ہے۔ انہیں 20 سے 25 میچز ملیں گے تو ان کے تجربہ میں اضافہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ میں شریک دیگر ٹیمیں 18 سے 20 کھلاڑیوں کے ساتھ آئی ہیں جبکہ ہماری 16 کھلاڑیوں میں ٹیم مشتمل ہے۔ جس گراونڈ میں میچز کھیلے جا رہے ہیں اس کی آوٹ فیلڈ بہت زیادہ فاسٹ ہے جس کی بنا پر ہمارے فاروڈ کھلاڑی بال پر کنٹرول نہیں کر پا رہے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں پوری ہمت ماریں گے تاکہ بہتر رزلٹ آ سکے۔