:شراب نوشی دنیا کے ہر مذہب میں منع ہے‘ رمیش کمارونکوانی
اسلام آباد (نمائند نوائے وقت) پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمارو انکوانی نے کہا ہے کہ شراب نوشی دنیا کے ہر مذہب میں منع ہے اور ہندو دھرم کے نام پر شراب کی فروخت کے پرمٹ جاری کرنا توہینِ مذہب ہے۔ گزشتہ روز سپریم کورٹ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بات انتہائی تشویش ہے کہ ملک کے دو بڑے وکلا سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے شراب خانے بند کرنے کے فیصلے کو عدالتِ عظمیٰ میں چیلنج کرنے جا رہے ہیں، میڈیا کے توسط سے میں ان سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج نہ کریں بصورت دیگر میں خود ہائی کورٹ کے فیصلے کا دفاع کرونگا۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں 99 فیصد غیر ملکی شراب کی فروخت ہندو برادری کے لوگ کرتے ہیں،جس کی وجہ سے وہ بے پناہ دولت کے مالک ہیں، انہوں نے کہا کہ ہندو برادری شراب فروخت کرتی ہے لیکن اس کا استعمال اکثریتی آبادی کرتی ہے۔ پاکستان ہندو کونسل شراب کی خریدوفروخت کے لائسنس کو ہندو برادری سے منسوب کرنے کی مخالفت کرتی ہے۔ انہوں نے آئی جی سندھ اور آئی جی بلوچستان سے درخواست کی کہ وہ بلوچستان سے سندھ سمگل ہونیوالی شراب کے معاملے کا ازخود نوٹس لیں اور اس سلسلے کی روک تھام کو یقینی بنائیں۔