:چائنا کٹنگ میںملوث چنوں ماموں کے ایک بار پھر وارنٹ گرفتاری جاری
کراچی (وقائع نگار)کراچی کی احتساب عدالت نے چائنا کٹنگ میں ملوث احسن عرف چنوں ماموں سمیت دیگر ملزمان کے ایک مرتبہ پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں ۔جمعرات کو کراچی کی احتساب عدالت میں لائنز ایریا پروجیکٹ میں چائنا کٹنگ کے حوالے سے کیس کی سماعت ہوئی ۔ملزم کے ڈی اے کے ڈائریکٹر فرید یوسفانی اور دیگر پر چائنا کٹنگ کے ذریعہ کروڑوں روپے کی کرپشن کا الزام ہے ۔عدالت نے کیس میں ملوث احسن عرف چنوں ماموں سمیت دیگر کے ایک مرتبہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 22نومبر تک ملتوی کردی ہے ۔ دریں اثناءانسداد دہشت گردی کی عدالت نے سندھ سیکرٹریٹ حملہ کیس کی سماعت ملزمان کے وکلاءکی عدم حاضری کے باعث 29نومبر تک ملتوی کردی ہے ۔جمعرات کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سندھ سیکریٹریٹ پر حملہ کرنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ۔سندھ سیکریٹریٹ حملے میں ملزمان ناصر کھجی اور فہیم مرچی کو پیش کیا گیا ۔عدالت نے ملزمان کے وکلا کی عدم حاضری کے باعث سماعت 29نومبر تک ملتوی کردی۔ واضح رہے سندھ سیکریٹریٹ حملہ کیس میں دونوں ملزمان پر فرد جرم عائد ہوچکی ہے ملزمان کا تعلق ایم کیو ایم سے ہے۔ ملزمان کے بارے میں بتایا گیا کہ انہوں نے بھارت سے تربیت حاصل کی ہے۔ ملزمان نے 2013 کے الیکشن میں سندھ سیکریٹریٹ میں حملہ کیا تھا جبکہ ملزمان کے خلاف غیر قانونی اسلحہ اور بارودی مواد رکھنے کے مقدمات بھی درج ہے۔