وزیراعلیٰ سندھ کی ڈاکٹر عشرت العباد سے الوداعی ملاقات
کراچی (وقائع نگار)گورنر ڈاکٹر عشرت العباد نے کہاہے کہ مراد علی شاہ کی سربراہی میں سندھ مزید ترقی کرے گا‘ جمعرات کو گورنرڈاکٹر عشرت العباد خان سے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے گورنرہاؤس میں الوداعی ملاقات کی جس میں گورنر نے وزیراعلیٰ کے لئے نیک تمنا ئوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی لیڈر شپ میں صوبہ ترقی و خوشحالی کی منازل طے کرے گا اور ایک بھرپور وژن کے ساتھ عوام کی خدمت اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل سے صوبہ مزید ترقی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ بھرپور تعاون کرنے پر میں وزیر اعلی سندھ کا شکر گذارہوں۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ انھیں گورنر سندھ سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔