پاکستان کو بھارتی مظالم کے خلاف کشمیری عوام کی آواز بننا ہوگا، ثروت اعجاز
کراچی (نیوز رپورٹر)سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ امن اسی قوم کو نصیب ہوتاہے جو جنگ کیلئے ہمہ وقت تیار رہے ،بھارت کے عزائم کو خاک میں ملیامیٹ کرنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں ،بھارت کے پاکستان مخالف بیانات سے پاکستانی عوام میں گہری تشویش پائی جار ہی ہے ،اگر بھارت نے پاکستان کے خلاف خود ساختہ پروپیگنڈہ بند نہیں کیا تو پاکستانی عوام بھارت کے ہر مکروہ فعل کا پردہ چاک کرنا شروع کردینگے ،پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کی آنکھ نکالنا جانتے ہیں ،دہشتگردوں کو مالی معاونت کرنے والے بھی دہشتگردی کی سرپرستی کے زمرے میں آتے ہیں ،کراچی کے پائیدار امن کیلئے رینجرز کی کاوشیں قابل ستائش ہیں ، پاکستانی عوام کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں،بھارتی مظالم کشمیری عوام کو اپنی منزل سے دور نہیں کر سکتے،پاکستان میں یا عالمی سطح پر سیاسی حالات کیسے ہی ہوں ہمیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف کشمیری عوام کی آواز بننا ہو گا،بھارتی مظالم کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کا سلسلہ جاری رکھنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عیادت کیلئے آئے ہوئے PSTسندھ کے صدر نور احمد قاسمی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ بھارتی اشتعال انگیز بیانات کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔کسی نے پاکستان پر جارحیت کی کوشش کی تو پاک فوج اور ملک کے عوام جارحیت کرنے والوں کا منہ توڑ جواب دینگے ،پاکستان کی فوج دنیا کی بہترین باصلاحیت فوج ہے جو اپنے فرائض جرأت وبہادری سے ادا کررہی ہے ،بھارتی عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں فوج نے آواز دی تو ہر اول دستے کا کردار ادا کرینگے۔