حجاب پہننے والی پہلی مسلم صومالی خاتون امریکہ میں قانون ساز منتخب‘4 بھارتی نژاد بھی امریکی کانگریس کے رکن بن گئے
واشنگٹن (آن لائن + این این آئی) امریکی ریاست مینیسوٹا میں پہلی مرتبہ ایک صومالی نژاد مسلم امریکی خاتون ایہان عمر بطور قانون ساز منتخب کر لی گئیں ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سر کو حجاب سے ڈھکنے والی 34 سالہ ایہان عمر ایک مہاجر کی طور پر امریکا آئی تھیں۔ بطور قانون ساز ان کا انتخاب ایک ایسے وقت میں ہوا ہے، جب امریکی نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران مینیسوٹا میں رہائش پذیر صومالی مہاجرین پر شدت پسندانہ سوچ کو فروغ دینے کا الزام عائد کیا تھا۔ این این آئی کے مطابق امریکی کانگریس میں پہلی مرتبہ بڑی تعداد میں چار بھارتی نژاد امریکی شہری کانگریس کے رکن کی حیثیت سے منتخب ہو گئے ہیں، 51 سالہ کملا حارث دو مرتبہ کیلفورنیا میں اٹارنی جنرل رہ چکی ہیں۔ انہوں نے اپنی ہی ریاست سے سینٹ کی نشست حاصل کی۔