.محکمہ جنگلات میں کرپشن، 13 افسروں سے سوا پانچ کروڑ کی ریکوری، تنزلی
لاہور (چودھری اشرف) محکمہ جنگلات اوکاڑہ میں کروڑوں روپے مالیت کے جنگلات کو بیچنے کے الزام میں گریڈ 20 سمیت 13 افسران سے سوا پانچ کروڑ روپے سے زائد کی ریکوری اور نچلے گریڈ میں تنزلی کر دی گئی جبکہ انکوائری میں درختوں کی چوری سے ماحولیات کو کروڑوں روپے کے ہونے والے نقصان کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ انکوئری رپورٹ پر وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے مقرر ہونے والی انکوئری کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر محمد ثاقب عزیز چیف سیٹلمنٹ کمشنر بورڈ آف ریونیو پنجاب نے 16 میں سے 13 افسران کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ان سے لاکھوں روپے ریکوری سمیت عہدوں میں تنزلی کے احکامات جاری کرنے کی سفارش کی تھی گذشتہ روز سیکرٹری جنگلات کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا جس میں گریڈ 20 کے سابق چیف کنزرویٹر جنگلات ملک محمد محبوب الرحمان سے 58 لاکھ 25 ہزار 454 روپے ریکوری سمیت عہدے سے تنزلی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ ان کے علاوہ ڈاکٹر محمد رفیق کی عہدے سے تنزلی، سید اجمل رحیم کی عہدے سے تنزلی سمیت 58 لاکھ 25 ہزار 454 روپے ریکوری، کنزرویٹر فارسٹ ریٹائرڈ افتخار احمد قریشی کی عہدے سے تنزلی سمیت 53 لاکھ 40 ہزار روپے ریکوری، راو خالد محمود کنزرویٹر فارسٹ ریٹائرڈ کی پچاس فیصد پینشن میں کٹوتی سمیت 58 لاکھ 25 ہزار 454 روپے ریکوری، چودھری محمد ارشد ڈی ایف او کی چار سال تک ترقی روک لی گئی، لیاقت علی خان ڈی ایف او کی تنزلی، سابق ریٹائرڈ ڈی ایف او ملک عبدالغفار خان کی پیھنشن میں 40 فیصد کٹوتی سمیت 58 لاکھ 25 ہزار 454 روپے ریکوری، محمد طارق سعید ڈی ایف او کی تین سال تک عہدہ سے تنزلی سمیت 58 لاکھ 25 ہزار 454 روپے ریکوری، اسرار الحق ایس ڈی ایف او کی چار سال کے لیے عہدے سے تنزلی، فارسٹ رینجر ہدایت اﷲ کی چار سال تک ترقی سمیت 58 لاکھ 25 ہزار 454 روپے ریکوری، ایس ڈی ایف او افتخار حسین تین سال تک عہدے سے تنزلی سمیت 58 لاکھ 25 ہزار 454 روپے ریکوری جبکہ فارسٹ رینجر جاوید اقبال سے 58 لاکھ 25 ہزار 454 روپے ریکوری کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ احکامات کے مطابق سابق کنزرویٹر راجہ خالد حسین کو تمام الزامات سے بری کر دیا گیا ہے جبکہ انکوئری میں شامل سابق ڈی ایف او اوکاڑہ ظہور احمد انتقال کر گئے ہیں جبکہ پیڈا ایکٹ کے تحت پہلے سے نوکری سے فارغ کیے جانے والے محمد ارشد ڈوگر سے 58 لاکھ 25 ہزار 454 روپے ریکوری کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔