لوڈشیڈنگ دورانیہ میں کمی‘ وزیراعظم کی ہدایت پر عملدرآمد کا آغاز
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) وزیر مملکت برائے پانی وبجلی چوہدری عابد شیرعلی نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے نئے پلان پر عملدرآمد کاجائزہ لینے کیلئے اسلام آباد میں نیشنل پاور کنٹرول سنٹر کادورہ کیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے پانی و بجلی کو نیشنل پاور کنٹرول سنٹر کے حکام نے بجلی کی ترسیل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر مملکت نے ہدایت کی کہ وزیر اعظم کے احکامات کے مطابق لوڈشیڈنگ کے دورانیئے میںکمی کو ہر صورت میں یقینی بنایاجائے ۔انہوںنے کہاکہ لوڈشیڈنگ میںنمایاںکمی موجودہ حکومت کااہم کارنامہ ہے اور ہم لوڈشیڈنگ کے مکمل خاتمے کی طرف بڑھ رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ یہ بات خوش آئند ہے کہ ماضی میں بجلی کے ترسیلی نظام کے متعلق ماہانہ سینکڑوں شکایات موصول ہوتی تھیں لیکن اب یہ شکایات ختم ہو گئی ہیں اور اکثر اوقات یہ شکایات بجلی کے مکمل بندش یا غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے حوالے سے ہوتی تھیں ۔ انہوںنے کہاکہ ڈسٹری بیوشن کی سطح پر لوڈ شیڈنگ کی خودکار نگرانی کیلئے ایک نظام وضع کیاجارہاہے ، اس نظام کے تحت صارفین اپنے فیڈرز کی لوڈ شیڈنگ کی نگرانی کرسکیں گے ۔ وزیر اعظم کی طرف سے شہری اور دیہی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کادورانیہ کم کرنے کیلئے کی جانیوالی ہدایت پر عملدرآمد شروع ہوگیا ہے ۔ شہری علاقوں میں تین گھنٹے اور دیہی علاقوں میں چارگھنٹے لوڈ میجمنٹ کی جارہی ہے ۔سسٹم میں بجلی کی اضافی پیداوار شامل ہونے کے بعد صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے ۔